بنگلور (ویب ڈیسک): کورونا کے بعد سے دنیا بھر میں گھر سے کام کرنے کا رواج عام ہوگیا ہے لیکن کیا آپ نے کبھی ٹریفک میں اپنے آفس کی میٹنگ میں شرکت کی ہے؟آن لائن کام سے لوگوں کو کافی سہولت ہوگئی ہے اور اس سہولت کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ایک خاتون نے اپنے آفس کی میٹنگ میں آن لائن شرکت کی جو سوشل میڈیا پر کافی وائرل ہورہی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ بنگلورو میں پیش آیا جہاں ایک خاتون ٹریفک میں پھنسی ہوئی ہے، ساتھ ہی اس نے موبائل فون پر اپنی میٹنگ میں آن لائن شرکت کو ممکن بنایا ہوا ہے۔
خاتون کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر کافی وائرل ہورہی ہے جس میں صارفین ٹیکنالوجی اور آن لائن سہولت کو سراہ رہے ہیں تو کوئی بنگلورو شہر کے بدترین ٹریفک کے نظام پر اپنے خیالات کا اظہار کررہا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق رواں سال کے آغاز میں بھی ایسی ہی ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں موٹرسائیکل پر پیچھے بیٹھا شخص ٹریفک میں پھنسا ہوا تھا اور وہ اپنے لیپ ٹاپ پر کام میں مصروف تھا۔