کراچی (ویب ڈیسک): بالی وڈ اداکار سدھارتھ ملہوترا اور اداکار ہ کیارا آڈوانی کی شادی کی مبینہ تاریخ سامنے آگئی۔ گزشتہ کئی ماہ سے خبریں زیر گردش ہیں کہ کیارا اور سدھارتھ جلد رشتہ ازدواج میں منسلک ہوجائیں گے لیکن اب تک دونوں اداکاروں کی جانب سے ان خبروں کی تصدیق یا تردید نہیں کی گئی جب کہ بھارتی میڈیا پر بھی قیاس آرائیوں پر مبنی خبریں شائع ہوتی رہیں۔
لیکن اب بھارتی میڈیا دعویٰ کررہا ہے کہ اداکار جوڑی کی شادی کی حتمی تاریخ سامنے آچکی ہے۔ ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق کیارا اور سدھارتھ آئندہ برس فروری کی 6 تاریخ کو رشتہ ازدواج میں منسلک ہوجائیں گے۔
شادی کی تقریبات کا آغاز 4 فروری سے ہوگا، جب کہ 5 کو بھی کوئی تقریب منعقد کی جائے گی، جوڑے کی ہلدی، مہندی اور سنگیت کی تقریبات ہوں گی۔
رپورٹس کے مطابق کیارا اور سدھارتھ کی عالیشان شادی کترینہ کیف اور وکی کوشل کی طرح راجستھان میں ہوگی، تقریب جیسلمر پیلس ہوٹل میں ہوگی جس کے لیے سکیورٹی کے سخت انتظامات کرلیے گئے ہیں۔
ٹائمز آف انڈیا نے اپنی رپورٹ میں یہ بھی بتایا کہ دونوں کی شادی کو خفیہ رکھا جائے گا جب کہ سکیورٹی اہلکار 3 فروری کو ہی جیسلمر بھیج دیے جائیں گے۔