لاہور (ویب ڈیسک): استحکام پاکستان پارٹی کی رہنما فردوس عاشق اعوان نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی سامنے آنے والی ڈائری سے متعلق کہا کہ ڈائری بنی گالا سیکرٹریٹ کا ‘بلیک باکس’ ہے۔ایک بیان میں فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ بشریٰ بی بی کی ہدایات پربنی گالاکے ساتھ پورے ملک کو چلایا گیا، ڈائری والی سرکار نے پی ٹی آئی سرکار کاخوب تختہ الٹایا ہے۔
فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھاکہ کبھی جنتری کبھی زائچے اورکبھی ڈائری پی ٹی آئی سیاست کاکُل خلاصہ ہے۔
واضح رہے کہ جمعہ کے روز عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی مبینہ ڈائری منظرِ عام پر آئی جس میں ہوشربا اور چشم کُشا انکشافات سامنے آئے۔
مبینہ ڈائری میں بشریٰ بی بی چیئرمین پی ٹی آئی کو سیاسی ڈکٹیشن دے رہی ہیں، بشریٰ بی بی یہ تک بتا رہی ہیں کہ پی ٹی آئی کی سیاسی حکمتِ عملی کس وقت کیا اور کیسی ہوگی، بشریٰ بی بی یہ بھی بتا رہی ہیں کہ کون کیسے عدلیہ، فوج اور حکومت پر دباؤ ڈالے گا؟
بشریٰ بی بی کی مبینہ ڈائری میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ اگر گورنر راج لگائیں تو قانونی چارہ جوئی اور شہر بند کرنے کی تیاری کی جائے، اگر گورنر راج لگائیں تو پہیہ جام ہڑتال کی جائے۔
مبینہ ڈائری میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ اتنا پریشر دینا ہے کہ عدالت کوئی نیگیٹو فیصلہ نہ دے سکے، یعنی بہت لوگ ہوں، پہلے اعلان نہیں کرنا اور پارٹی کو نہیں بتانا کہ آپ کتنے دنوں کے لیے آ رہے ہیں، عدالتی فیصلے والے روز صبح سے عوامی فضا بنا دینی ہے کہ عدالت کوئی منفی فیصلہ نہ کرسکے، بہتر یہ ہے کہ بڑے بڑے وکیلوں سے بیان دلوائیں، بس ایک پریشر رکھنا ہے۔