کراچی (ویب ڈیسک): کراچی میں خالی بلدیاتی نشستوں پر کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے آخری روز میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے اپنے کاغذات جمع کرا دیے۔مرتضیٰ وہاب ضلع جنوبی میں یو سی 13 کی خالی نشست پر الیکشن لڑنے کے لیے کاغذات جمع کرائے۔یاد رہے کہ بلدیاتی ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ 5 نومبر کو شیڈول ہے، متعلقہ نشست پیپلز پارٹی کے یو سی چیئرمین کے مستعفی ہونے پر خالی ہوئی تھی۔
مرتضیٰ وہاب نے 3 یوسیز سے ضمنی بلدیاتی انتخاب لڑنے کا اعلان کیا ہے اور کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا جن لوگوں نے 70 75 سال کراچی کو خراب کیا ان سے سوال پوچھیں۔
مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا ہائیڈرنٹس اور وال مین مافیا کے خلاف کارروائیاں چل رہی ہیں، میں سیاسی بغض رکھنے والا آدمی نہیں ہوں، حافظ نعیم میرے بڑے ہیں میں ان کا احترام کرتا ہوں، نعیم الرحمان کو ساتھ چلنے کی آفر بھی کی، سیاسی نکتہ چینی کو سائیڈ میں رکھیں، میرے لیے تمام چیئرمینز قابل احترام ہیں۔
مرتضی وہاب کا کہنا تھا پیپلز پارٹی چاہتی ہے الیکشن ہوں اور منصفانہ ہوں، جب ٹاؤن چیئرمینز سے ملتاہوں تو حافظ نعیم ناراض ہو جاتے ہیں، وقت ثابت کرے گا کہ کون کیا ہے اور کس کیپیسٹی میں ہے، بغض پیپلزپارٹی میں الزامات نہ لگائے جائیں۔
ان کا کہنا تھا حافظ نعیم تو پریس کانفرنسیں کر رہے تھے کر رہے ہیں اور کرتے رہیں گے، میری جماعت کے ایم سی کو میگا منصوبے دے کر گئی ہے، وزیراعلیٰ نے کے ایم سی پینشن کے لیے پیسے منظور کیے۔