کراچی(ویب ڈیسک): ثانوی تعلیمی بورڈ کے تحت میٹرک کے امتحانات کے دوسرے روزبدھ کو صبح کی شفٹ میں سائنس گروپ دہم جماعت میں کمپیوٹر اسٹیڈیز (پرچہ دوم) کا پرچہ ہوا جبکہ شام کی شفٹ میں جنرل گروپ نہم و دہم جماعت کا اردو نارمل کورس، سندھی نارمل لازمی، جغرافیہ آف پاکستان(پرچہ اول)انگریزی ادب کا پرچہ ہوا۔
اس موقع پر ثانوی تعلیمی بورڈ کے چیئرمین سید شرف علی شاہ اور ناظم امتحانات خالد احسان نے پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے صحافیوں کے ہمراہ مختلف امتحانی مراکز میں دورے کئے جن میں حسینی گورنمنٹ بوائز سیکنڈری اسکول لیاقت آباد ٹاؤن کے مختلف امتحانی کمروں میں موجود امیدواروں کی تلاشی لی اور کمرہ امتحان کا مکمل جائزہ بھی لیا اس موقع پر امتحانی مرکز کے نگراں عملے نے بتایا کہ گزشتہ سال کی طرح اس دفعہ بھی وہ کسی بھی امیدوار کی تلاشی، موبائل فون اور شناخت کے بغیر امتحانی کمرے میں داخل نہیں ہونے دے رہے ہیں جبکہ گورنمنٹ پائلٹ گرلز سیکنڈری اسکول لیاقت آباد ٹاؤن کا بھی دورہ کیا۔
چیئرمین بورڈ نے ان دونوں امتحانی مرکز پر بہترین سولتیں میسر ہونے پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اس موقع پر انہوں نے تمام سینٹر سپرنٹنڈنٹ کو ہدایت کی ہے کہ کسی بھی وجہ سے پرچہ دیر سے ملنے کی صورت میں وہ طلباء و طالبات کو کچھ وقت اضافی دے دیا کریں تاکہ طلبہ آسانی کے ساتھ اپنا پرچہ حل کر سکیں کسی بھی امتحانی مرکز سے پرچہ آؤٹ ہونے کی تصدیق کے بعد وہاں کے سینٹر سپرنٹنڈنٹ کو ذمہ دار قرار دیا جائے گا۔ انہوں نے یہ بھی ہدایت کی کہ طلباء وطالبات کو شدید گرمی میں امتحانی مراکز کے اندر نہیں آنے دیاجاتا انہوں نے تمام اسکو ل سربراہان کو ہدایت کی ہے کہ وہ طلبہ کو بروقت امتحانی مراکز میں داخل ہونے دیں ٹھنڈے پانی کے کولر بھی مہیا کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار حادثے سے بچا جا سکے ورنہ کسی بھی امتحانی مرکز کی شکایت کی صورت میں اس کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
بعد ازاں امتحانی مرکز احمد باوانی اکیڈمی گرلز سیکنڈری اسکول ایف بی ایریا سے سینٹر سپرنٹنڈنٹ نے ایک طالبہ کو نقل کرتے ہوئے پکڑ کر اس کی رپورٹ بورڈ آفس کے رپورٹنگ سیل میں کی۔9 مئی کو نہم جماعت سائنس گروپ کا حیاتیات نظری پرچہ اول اور شام کو دہم جماعت جنرل گروپ میں انگریزی لازمی پرچہ دوم لیا جائے گا۔