کراچی (ویب ڈیسک): کراچی میں 12 سالہ بچے پرتشدد سے ہلاک کرنے کے کیس میں ملزمہ کے جسمانی ریمانڈ میں مذید توسیع کر دی گئی۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت میں 12 سالہ گھریلو ملازم بچے پر تشدد کر کے ہلاک کرنے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔
جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر گرفتار ملزمہ مالک مکان شیریں کو عدالت میں پیش کیا گیا۔
تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ بچوں کو ملازمت پر رکھوانے والے ملزم سلیم کو گرفتار کرلیا ہے۔ مقدمے میں چائلڈ لیبر قوانین کے تحت دفعات شامل کی ہیں۔
جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی نے ملزمہ کی جسمانی ریمانڈ میں دو روز کی توسیع کر دی اور تفتیشی افسر سے آئندہ سماعت پر پیش رفت رپورٹ طلب کرلی۔
وکیل مدعی نے کہا کہ اب تک مقتول کی قبر کشائی نہ ہو سکی، ملزمہ کے گھر پر جو بھی ویڈیو ریکارڈنگ سے متعلق اشیاء ہیں تحویل میں لی جائیں۔
واضح رہے کہ ملزمہ کے خلاف مقتول رفیق کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج ہے۔