اسلام آباد (ویب ڈیسک) : الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کا بلے کا انتخابی نشان برقرار رکھتے ہوئے پی ٹی آئی کو انٹرا پارٹی انتخابات 20دن میں دوبارہ کرانے کا حکم دے دیا۔تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات سےمتعلق محفوظ فیصلہ سنا دیا، فیصلے میں پی ٹی آئی کو انٹرا پارٹی انتخابات 20 دن میں دوبارہ کرانے کا حکم دے دیا۔الیکشن کمیشن نے فیصلے میں کہا کہ پی ٹی آئی کا بلے کا انتخابی نشان فی الحال برقرار ہے، پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات نہ کرانے پر کارروائی ہو گی، پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات شفاف کرانے میں ناکام ہو چکی ہے۔
الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن سےمتعلق13ستمبر کو فیصلہ محفوظ کیا تھا، الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات پر نوٹس لیا تھا۔
خیال رہے پی ٹی آئی نے گزشتہ سال 8 جون کوپارٹی انتخابات کی تفصیلات جمع کرائی تھیں۔
پی ٹی آئی وکیل بیرسٹرگوہر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے سے بہت افسوس ہوا، الیکشن کمیشن نے انصاف کےتقاضے پورے نہیں کئے، الیکشن کمیشن نےیہ نہیں کہاتھا پارٹی الیکشن آئین کےمطابق نہیں ہوئے۔
بیرسٹرگوہر کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نےکہاتھا کہ ڈاکومنٹس پورےنہیں، بلےکانشان ہمارے پاس رہے گا ،آرڈرکو مناسب فورم پرچیلنج کریں گے ، الیکشن کمیشن فیصلےکومتعلقہ فورم پرچیلنج کرنےسےمتعلق مشورہ کریں گے۔