اسلام آباد(ویب ڈیسک ): وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ٹیلیفونک رابطہ کیا جس میں قرآن مجید کے نسخوں کی توہین کے واقعات سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے اسلاموفوبیا کے خلاف اقوام متحدہ کی اجتماعی کارروائی کی ضرورت پر زور دیا۔
ترجمان کے مطابق وزیر خارجہ اور سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کے درمیان سیلاب کے بعد بحالی کی صورت حال پر بھی بات چیت کی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ نے انتونیو گوتریس سے ترقی پذیر ممالک میں تحفظ خوراک پر بھی بات کی جب کہ اس دوران بحرِ اسود میں خوراک کے اقدام کے حوالے سے بھی گفتگو کی ہوئی۔
گزشتہ روز وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے قرآن پاک کی بے حرمتی کے معاملے پر او آئی سی کے جنرل سیکرٹری سے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے او آئی سی کے جنرل سیکرٹری حسین ابراہیم طحہٰ سے آج ٹیلی فونک رابطہ کیا جو یورپی ممالک میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے مسلسل واقعات کے تناظر میں کیا گیا۔