کراچی (ویب ڈیسک): ونڈوز دنیا بھر میں سب سے زیادہ استعمال ہونے والے کمپیوٹر آپریٹنگ سسٹم ہے مگر پھر بھی اس میں چھپے متعدد فیچرز کا علم بہت کم افراد کو ہوتا ہے۔ ایسا ہی ایک فیچر ڈیسک ٹاپ پر ایسا خفیہ فولڈر بنانا ہے جو کسی کو نظر نہیں آتا۔
جی ہاں واقعی ایسا فولڈر جو کسی کو نظر نہیں آتا جبکہ اس پر کوئی نام بھی نہیں ہوتا تو اسے دیکھنا لگ بھگ ناممکن ہوتا ہے۔ اسے تلاش کرنے کا واحد ذریعہ ماؤس کو اس کے اوپر لے جانا ہے یا اس حصے کو سلیکٹ کرنا ہے۔
اگر آپ چاہتے ہیں کہ ذاتی فائلز تک دیگر افراد خاص طور پر بچوں کی رسائی نہ ہو تو یہ فیچر مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔
اس کا طریقہ کار یوں ہےکہ بلینک نام کے ساتھ فولڈر تیار کرنے کے لیے اس کے لیے ونڈوز ڈیسک ٹاپ پر کہیں بھی رائٹ کلک کرکے پہلے نیو (New) اور پھر فولڈر کے آپشن کا انتخاب کریں۔
جب فولڈر بن جائے تو اس پر رائٹ کلک کریں اور ری نیم پر کلک کرکے پہلے سے لکھے الفاظ ڈیلیٹ کریں اور پھر Alt+0160 کوڈ ٹائپ کرکے انٹر بٹن دبائیں۔
اگر آپ فل سائز کی بورڈ (ایسا کی بورڈ جس میں Numpad دائیں جانب ہوتا ہے) استعمال کریں تو زیادہ بہتر ہوگا۔
اس طرح ایسا فولڈر تیار ہوجائے گا جس کا کوئی نام نہیں ہوگا۔فولڈر آئیکون کو غائب کرنے کے لیے فولڈر پر ایک بار پھر رائٹ کلک کریں اور پھر پراپرٹیز (properties) میں جائیں۔
پراپرٹیز میں کسٹمائز (Customise) ٹیب پر جاکر وہاں نیچے موجود چینج آئیکون بٹن پر کلک کریں۔ وہاں کلک کرنے پر مختلف آئیکونز نظر آئیں گے جن کو آگے کی جانب اسکرول کرنے پر آپ کو 4 بلینک آئیکون نظر آئیں گے جن میں سے کسی کو بھی سلیکٹ کرکے اوکے بٹن پر کلک کریں۔اب آپ کا ایسا فولڈر تیار ہے جس کا کوئی نام یا آئیکون موجود نہیں اور کسی کو نظر نہیں آئے گا۔