خیرپور -کراچی (ویب ڈیسک): سندھ کے ضلع خیر پور میں گیس کے نئے ذخائر دریافت ہوئے ہیں۔آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) نے سندھ میں گیس کے نئےذخائر دریافت کرنے کا اعلان کیا ہے ۔او جی ڈی سی ایل کی جانب سے جاری اعلامیے میں سندھ کے ضلع خیرپور میں واقع اکھیرو-1کے کنویں میں ہائیڈرو کاربن کے ذخائر دریافت کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق ساون ساؤتھ جوائنٹ وینچر ، نے ضلع خیرپور میں واقع اکھیرو1کنویں کے لوئر گور بی ریزروائر ریت سے گیس دریافت کی ہے تاہم گیس کی مقدار کے بارے میں کسی قسم کی تفصیلات سے آگاہ نہیں کیا گیا۔
دوسری جانب عوامی رد عمل یہ دیکھا جارہا ہے کہ رواں سال میں یہ تیسری سائٹ کا اعلان ہے جہاں سے گیس یا پیٹرولیم کے ذخائر دریافت ہوئے ہیں . اس کے ساتھ ہی سندھ اب ملک میں گیس کے ذخائر کا70 فیصد سے بھی زیادہ فراہم کرنے والا صوبہ بن گیا ہے مگر اس کے باوجود صوبہ سندھ کو ان قدرتی وسائل سے کوئی خاص فائدہ نہیںہورہا، سندھ میں گیس کی لوڈشیڈنگ ، سی این جی کی بندش کے علاوہ سائٹس پر ملازمتوں کی عدم دستیابی اور صوبہ ترقیاتی اسکیموں سمیت علاقائی انفرااسٹرکچر اور تعلیم و صحت جیسی بنیادی سہولیات سے بھی محروم ہے . جس کے باعث سندھ کے عوام اس دریافت پر کسی خوشی کا اظہار نہیںکررہے بلکہ سوشل میڈیا پر یہ اظہار کررہے ہیں کہ اس سے ہمیںکوئی فائدہ نہیںہوگا.