لاہور (ویب ڈیسک): پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے کہا کہ جو لوگ یہ دباؤ برداشت کر گئے، اپنی پارٹی کے جن لوگوں نے یہ برداشت کیا ہے، قوم آپ کو ہمیشہ یاد رکھے گی اور آپ کو بھولے گی نہیں۔پارٹی ارکان کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مجھے پتا ہے ان پر کس طرح کا دباؤ ہے، جس طرح آپ کھڑے ہیں نہ میں آپ کو بھولوں گا اور نہ یہ قوم آپ کو بھولے گی۔ان کا کہنا تھا کہ قوم کو بھی پتا ہے کہ آپ کس طرح کا دباؤ برداشت کر رہے ہیں۔
کوئی غلط فہمی میں نہ رہے کہ دباؤ کی وجہ سے میں پیچھے ہٹ جاؤں گا. عمران خان نے خصوصی خطاب میں کہا کہ اس طرح کا دباؤ شاید ہی کسی پارٹی لیڈر یا پارٹی اراکین پر ڈالا گیا ہو جو اس وقت ہمارے اوپر ڈالا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں واضح کرنا چاہتا ہوں کہ میں اگر اکیلا بھی رہ گیا تو تب بھی اس ملک کی حقیقی آزادی کے لیے کھڑا رہوں گا۔
عمران خان نے کہا کہ کوئی اس غلط فہمی میں نہ رہے کہ میں اس دباؤ کی وجہ سے شاید پیچھے ہٹ جاؤں گا، جس پر دو قاتلانہ حملے ہوچکے ہوں اور پھر بھی پوری طرح تحریک سے ایک قدم بھی پیچھے نہ ہٹے تو سمجھیں وہ پیچھے نہیں ہٹے گا۔