ںٰیو یارک (ویب ڈیسک): دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک نے دولت مندی کا ایک ایسا نیا ریکارڈ قائم کیا ہے جس کی مثال نہیں ملتی۔بلومبرگ کی ایک رپورٹ کے مطابق ٹیسلا اور اسپیس ایکس جیسی کمپنیوں کے مالک ایلون مسک دنیا کے پہلے ایسے فرد بن گئے ہیں جن کی دولت 400 ارب ڈالرز کے ہندسے کو چھونے میں کامیاب ہوئی۔ان کی کمپنی اسپیس ایکس کی قدر 350 ارب ڈالرز قرار پانے اور ٹیسلا کے حصص کی قیمتوں میں اضافے کے باعث 11 دسمبر کو ایلون مسک کی دولت میں 62.8 ارب ڈالرز کا اضافہ ہوا۔اس اضافے کے بعد وہ اب 447 ارب ڈالرز کے مالک بن گئے ہیں اور دنیا کے دوسرے امیر ترین شخص جیف بیزوز (249 ارب ڈالرز) سے 198 ارب ڈالرز زیادہ کے مالک ہیں۔
2024 کے دوران ایلون مسک کی دولت میں اب تک 218 ارب ڈالرز کا اضافہ ہوا ہے جو اپنی جگہ ایک ریکارڈ ہے۔
امریکی صدارتی انتخابات کے بعد سے ایلون مسک کی ذاتی دولت میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔
امریکا کے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حامی ہونے کے باعث ان کی کمپنیوں کو فائدہ ہوا ہے اور وہ آنے والی امریکی حکومت میں ایک نئے گورنمنٹ ایفیشینسی (ڈوج) نامی ادارے کی سربراہی بھی کریں گے۔
واضح رہے کہ ایلون مسک ٹیسلا کے 21 فیصد حصص کے مالک ہیں اور ان کی مجموعی دولت کا 68 فیصد حصہ بھی اسی کمپنی کے حصص سے منسلک ہے۔
امریکی صدارتی انتخابات کے بعد سے ٹیسلا کے حصص کی قیمتوں میں 65 فیصد کا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
ان کی آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی پر کام کرنے والی کمپنی ایکس اے آئی کی قدر میں نومبر 2024 کے دوران دوگنا اضافہ ہوا۔
مجموعی طور پر 5 نومبر 2024 کے بعد سے ایلون مسک کی دولت میں 158 ارب ڈالرز سے زائد کا اضافہ ہو چکا ہے۔
خیال رہے کہ ستمبر 2024 میں انفارما کنکٹ اکیڈمی کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ ایلون مسک کی دولت میں سالانہ 110 فیصد کی اوسط سے اضافہ ہو رہا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ اگر یہ سلسلہ برقرار رہا تو ایلون مسک 2027 میں ٹریلین ائیر یا ایک ہزار ارب ڈالرز کے مالک پہلے فرد ہوں گے۔