لاہور (اسپورٹس ڈیسک): انگلینڈ کے دورے کے لیے پاکستان کی 17 رکنی خواتین کرکٹ ٹیم کا اعلان کردیا گیا۔17 رکنی خواتین کرکٹ ٹیم کی قیادت ندا ڈار کریں گی جب کہ دیگر اسکواڈ میں عالیہ ریاض، عائشہ ظفر، ڈیانا بیگ، فاطمہ ثنا، گل فیروزہ، منیبہ علی، نجیہہ علوی، نشرہ سندھو اور نتالیہ پرویز شامل ہیں۔
اس کے علاوہ رامین شمیم، صدف شمس، سعدیہ اقبال، سدرہ امین، طوبٰی حسن، ام ہانی اور وحیدہ اختر بھی اسکواڈ کا حصہ ہیں۔
دورے میں پاکستان ویمنز ٹیم 3 ٹی ٹوئنٹی اور 3 ون ڈے انٹرنیشنل کھیلے گی جب کہ ون ڈے سیریز آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ کا حصہ ہے۔
پاکستان ویمنز ٹیم کی آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ میں یہ آٹھویں اور آخری سیریز ہوگی۔واضح رہے پاکستان ویمنز ٹیم 5 مئی کو کراچی سے براستہ دبئی انگلینڈ کے لیے روانہ ہوگی۔
جبکہ دورہ آئرلینڈ اور انگلینڈ کے لیے قومی ٹیم کا اعلان کل کیا جائےگا۔
پی سی بی کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ نیشنل سلیکشن کمیٹی دورہ انگلینڈ اور آئر لینڈ کیلئے پاکستان ٹیم کا اعلان کرے گی۔
پاکستان ٹیم 10، 12 اور 14 مئی کو آئرلینڈ کے خلاف ڈبلن میں میچز کھیلے گی جبکہ انگلینڈ کے خلاف میچز 22 ،25 ،28 اور 30 مئی کو کھیلے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے پاکستانی اسکواڈ کا اعلان انگلینڈ کے خلاف پہلے میچ کے بعد متوقع ہے اور فاسٹ بولر حارث رؤف قومی اسکواڈ میں جگہ بنائیں گے جبکہ عثمان خان کو بھی مزید موقع دیے جانےکا امکان ہے۔
حارث رؤف کندھے کی انجری کی وجہ سے ٹیم کا حصہ نہیں تھے، محمد رضوان پہلے سے بہت بہتر محسوس کر رہے ہیں اور وہ بھی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔