(ویب ڈیسک):ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی ( ڈی ایچ اے) کراچی نے نثار شہید پارک میں علاقہ مکینوں کے سوا غیر رہائشی افراد کے داخلے کے حوالے سے ہدایات جاری کردی ہیں۔ڈی ایچ اے حکام کا سوشل میڈیا پر اپنی پوسٹ میں کہنا تھا کہ کہ ڈیفنس میں واقع نثار شہید پارک میں اب غیر رہائشی افرادکو داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔
حکام کے مطابق ڈیفنس کے رہائشی بھی صرف فیملی کے ساتھ ہی پارک میں آسکتے ہیں۔
اس کے علاوہ پارک میں چہل قدمی یا ورزش کے لیے آنے والے افراد کے لیے جوگر اور ٹریک سوٹ میں آنے کی شرط بھی عائدکی گئی ہے۔
حکام کے مطابق چہل قدمی کرنے والے افراد کم از کم جوگرز ضرور پہن کر پارک میں آئیں۔
ڈی ایچ اے حکام کا کہنا تھا کہ پارک میں ڈیفنس کے غیر رہائشیوں کا اکیلا یا فیملی کے ساتھ بھی داخلہ بند ہوگا تاہم اب اس حوالے سے پالیسی میں تبدیلی کردی گئی ہے۔
ترجمان ڈی ایچ اے کرنل آغاز نادر نے جیو نیوز سےگفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ نثار شہید پارک فیملیز کے لیے بنایا گیا تھا،غیر رہائشیوں کی درخواست پر نرمی کی گئی ہے، اگر کوئی غیر رہائشی نثار شہید پارک آنا چاہتے ہیں تو فیملی کے ساتھ آئیں۔