(ویب ڈیسک ):اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) کے عملے نے کراچی کے ساؤتھ ایشیا پاکستان ٹرمینل پر خفیہ اطلاع پر بڑی کارروائی کرکے ملائیشیا کیلئے بک کرائے گئے کنٹینر سے 700 کلوگرام سے زائد آئس برآمد کرلی۔حکام کے مطابق برآمد شدہ میتھ ایمفیٹامائن (آئس) کیلشیم کاربونیٹ کے بیگز کے ساتھ رکھ کر اسمگل کی جا رہی تھی، خفیہ اطلاع پر کنٹینر کی تلاشی کے دوران کیلشیم کاربونیٹ کے 854 بیگز کی تلاشی لی گئی جن میں 28 بیگز میں میتھ ایمفیٹامائن (آئس) کی موجودگی کی نشاندہی ہوئی۔
اے این ایف حکام کا بتانا ہے کہ کنٹینر کراچی میں قائم نجی کمپنی کی جانب سے ملائیشیا کے شہر کوالالمپور کے لیے بُک کروایا گیا تھا، کنٹینر بک کرانے والے کراچی کے رہائشی ایک ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے ملزم سے تحقیقات کا عمل جاری ہے۔
ذرائع اے این ایف کا بتانا ہے کہ ساؤتھ ایشیا پاکستان ٹرمینل سے پکڑی گئی آئس کی بین الاقوامی منڈی میں مالیت کروڑوں روپے بنتی ہے۔