دبئی (اسپورٹس ڈیسک): بھارت کی سابق ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کو دبئی اسپورٹس کونسل نے کھیلوں کی سفیر مقرر کردیا۔دبئی کے میوزیم آف دی فیوچر میں منعقدہ تقریب دبئی اسپورٹس ریٹریٹ کےدوران ثانیہ مرزا کو کھیلوں کی سفیر مقرر کرنے کا اعلان کیا گیا۔ٹینس کے ویمنز ڈبلز میں عالمی نمبر ایک اور 6 مرتبہ کی گرینڈ سلیم چمپیئن ثانیہ مرزا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر اپنے مداحوں کو اس پیش رفت سے آگاہ کیا اور نئی رول پر خوشی کا اظہار کیا۔انہوں نے لکھا کہ دبئی کے لیے کھیلوں کی سفیر بننا ایک اعزاز اور خوشی ہے، دبئی اسپورٹس کونسل کی جانب سے یہ شان دار موقع فراہم کرنے پر ان کی مشکور ہوں۔
ثانیہ مرزا کی تقرری کھیلوں کے فروغ اور سرگرم صحت مندانہ لائف اسٹائل کے لیے دبئی کے وژن کا حصہ ہے اور اس حوالے سے منعقدہ تقریب میں یو ایف سی چمپیئن خبیب نورماگودوف اور بھارت کے سابق کرکٹ ہربھجن سنگھ سمیت کھیلوں کی نام ور شخصیات شریک تھیں اور ان سابق کھلاڑیوں کو بھی شہر کا کھیلوں کے سفیر نامزد کردیا گیا۔
دبئی کے ولی عہد شیخ حمدان بن محمد بن راشد المکتوم نے سوشل میڈیا میں جاری بیان میں اس اقدام کی اہمیت کو اجاگر کیا اور کہا کہ تقریب میں جن منصوبوں اور اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے اس سے کھیلوں کا شان دار مستقبل وضع کرنے، ہمارے کلبوں کی کامیابیوں میں اضافہ کرنے اور مقامی ٹیلنٹ کی تربیت میں مدد ملے گی۔
دبئی اسپورٹس کونسل کا قیام 2005 میں ہوا تھا اور اس کا مقصد متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت کی شہرت کھیلوں کے مرکز کے طور پر عام کرنا تھا اور اس کے تحت مقامی کھیلوں کے کلبوں کی نگرانی اور مختلف برادریوں میں جسمانی سرگرمیوں کو فروغ دینا تھا۔
کونسل کا بین لاقوامی شہرت کے حامل کھلاڑیوں کو سفیر مقرر کرنا اس کے نوجوان کو متاثر کرنے اور دبئی کو کھیلوں کا مرکز بنانے کی وسیع کوششوں کا حصہ ہے۔
خیال رہے کہ ثانیہ مرزا نے 2010 میں پاکستانی کرکٹر شعیب ملک سے شادی کے بعد دبئی میں اپنا دوسرا گھر بنایا تھا تاہم شعیب ملک علیحدگی کے بعد وہاں سے منتقل ہوگئے لیکن ثانیہ مرزا اس وقت بھی اپنے بیٹے اذہان ملک کے ساتھ دبئی میں ہی رہائش پذیر ہیں۔