(ویب ڈیسک): چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی سے متعلق ان کی بہن علیمہ خان کے دعووں کو مسترد کر دیا۔نجی ٹی وی چینل سے گفتگو میں چیئرمین تحریک انصاف سے سوال کیا گیا کہ علیمہ خان نے حکومت سے آپ کے مذاکرات کا ذکر کیا ہے؟ تو جواب میں بیرسٹر گوہر نے کہا کہ میرا 24 نومبر یا اس سے قبل حکومت سے کوئی رابطہ نہیں ہوا۔پارٹی چیئرمین نے کہا کہ حکومت سےبانی پی ٹی آئی سے ملاقات پرکوئی بات نہیں ہوئی۔
جب بیرسٹر گوہر سے سوال کیا گیا کہ علیمہ خان نے کہا کہ آپ نے بانی پی ٹی آئی کی رہائی کےلیے وقت بھی بتایا؟ تو بیرسٹر گوہر نے جواب دیا کہ میں نے نہ تو رہائی سےمتعلق کوئی بات کی نہ ذکر کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نےکبھی بھی بانی پی ٹی آئی کی 20 دن میں رہائی کاوعدہ نہیں کیا،دھرناختم کرنےکے بدلے بانی پی ٹی آئی کی 20 دن میں رہائی کی بات غلط ہے۔
واضح رہے کہ علیمہ خان نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ قافلے پہنچ گئے تو حکومت دباؤ کا شکار ہو گئی تھی، حکومت نے دباؤ میں آکر بیرسٹر گوہرکو عمران خان سے ملاقات کے لیےجیل بھجوایا اور کہا تھا انہیں 20 دن کے اندر رہا کر دیا جائے گا۔