نئی دہلی(ویب ڈیسک): بھارتی شہر نوئیڈا کی ایک ہاؤسنگ سوسائٹی نے ڈریس کوڈ متعارف کرادیا جس کے تحت رات میں لنگی یا نائٹی پہن کر گھر سے باہر نکلنے پر پابندی ہوگی۔بھارتی میڈیا کے مطابق اپنی نوعیت کی منفرد اور عجیب ترین پابندی ریاست اترپردیش کے شہر نوئیڈا کی ہمساگر سوسائٹی میں عائد کی گئی۔ رہائشیوں پر زور دیا گیا ہے کہ گلیوں اور پارک میں چہل قدمی کے لیے لباس کا انتخاب درست رکھیں۔
ہاؤسنگ سوسائٹی کی انتظامیہ نے کہا کہ توقع کی جاتی ہے کہ آپ سب اپنے طرز عمل اور لباس پر خصوصی توجہ دیں تاکہ کسی کو آپ کے رویے پر اعتراض کرنے کا موقع نہ ملے۔
سوسائٹی کے صدر نے کہا کہ سب کو اس فیصلے کا احترام کرنا چاہیے، اس میں مخالفت کی کوئی بات نہیں، اگر خواتین نائٹ پہن کر گھومتی ہیں تو بھی نامناسب ہے اور اگر مرد لنگی پہنیں گے تو یہ خواتین کو شکایت ہوگی۔
دوسری جانب سوسائٹی کے مکینوں کا کہنا ہے کہ یہ کسی ذاتی انتخاب میں دخل اندازی ہے۔ لباس کیا ہونا چاہیے، یہ اہم نہیں۔ زیادہ اہم بات یہ ہے کہ لباس کو کس طرح پہنا گیا ہے اور اسے کس طرح برتا جا رہا ہے۔