کراچی (ٹیک ڈیسک): جب سے ایلون مسک نے ٹوئٹر کو خریدا ہے، اس وقت سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم میں ٹوئٹس کے لیے حروف کی حد میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔ٹوئٹر کی جانب سے ایک بار پھر ایک ٹوئٹ کے لیے حروف کی حد کو بڑھا دیا گیا ہے۔اب ٹوئٹر بلیو کے صارفین 25 ہزار حروف پر مشتمل ٹوئٹ کر سکتے ہیں۔ٹوئٹر بلیو کے پیج پر حروف کی حد میں اضافے کے بارے میں بتایا گیا۔
خیال رہے کہ فروری میں ٹوئٹر کی جانب سے حروف کی حد کو 280 سے بڑھا کر 4 ہزار کیا گیا تھا جس کو اپریل میں 10 ہزار تک بڑھا دیا گیا تھا۔
اس وقت کمپنی کی جانب سے ٹوئٹس کے لیے فارمیٹنگ فیچرز جیسے بولڈ اور اٹالک کو بھی متعارف کرایا گیا تھا۔
پہلے ایک ٹوئٹ میں صرف 140 حروف استعمال ہوسکتے تھے، 2017 میں حروف کی تعداد 280 کی گئی تھی۔
ٹوئٹس کے لیے حروف کی حد میں اضافے کے ساتھ ساتھ ٹوئٹر بلیو صارفین کے لیے طویل ویڈیوز اپ لوڈ کرنا بھی ممکن ہے۔
دسمبر میں 2022 میں ماہانہ فیس ادا کرنے والے صارفین کے لیے ایک گھنٹے طویل ویڈیو پوسٹ کرنا ممکن بنایا گیا اور مئی 2023 میں اسے 2 گھنٹے تک بڑھا دیا گیا تھا۔
البتہ یہ واضح نہیں کہ صارفین 25 ہزار حروف پر مشتمل ٹوئٹس لکھنا پسند بھی کریں گے یا نہیں۔
البتہ اگر آپ ٹوئٹر بلیو صارف ہیں تو اب پورے مضامین کو ایک ٹوئٹ پر لکھ کر پوسٹ کرنا ضرور ممکن ہو جائے گا۔