نئی دہلی(شوبز ڈیسک): بالی ووڈ اداکار سورج پنچولی کو اداکارہ جیا خان خود کشی کیس میں بری کردیا گیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت کے تحقیقاتی ادارے ( سی بی آئی) کی خصوصی عدالت نے 10 سال پرانے مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے اداکار سورج پنچولی کو اداکارہ جیا خان کی خود کشی کے کیس میں بے قصور قرار دے دیا۔
سورج پنچولی پر بالی ووڈ اداکارہ جیا خان کو خود کشی پر اکسانے کا الزام تھا اور ان پر 2018 میں باقاعدہ فرد جرم عائد کی گئی تھی۔ سورج پنچولی نے الزامات سے انکار کیا تھا۔
بالی ووڈ کی 25 سالہ اداکارہ جیا خان کی لاش 2013 میں ممبئی میں ان کی رہائش گاہ میں پنکھے سے لٹکی ہوئی پائی گئی تھی۔ جیا خان کی والدہ رابعہ نے بیٹی کی موت کے بعد دعویٰ کیا تھا کہ اداکارہ کو ان کے قریبی دوست سورج پنچولی نے قتل کیا ۔
سورچ پنچولی کو جیا خان کی جانب سے لکھے گئے آخری مبینہ خط ملنے کے بعد گرفتار کیا گیا تھا تاہم بعد میں ان کو ضمانت پر رہائی مل گئی تھی۔
اداکار سورج پنچولی بالی ووڈ کے سینئر اداکار ادیتیا پنچولی اوراداکارہ زرینہ وہاب کے بیٹے ہیں۔ جیاخان خود کشی کیس کا فیصلہ سنانے کے موقع پر زرینہ وہاب بھی اپنے بیٹے کے ساتھ موجود تھیں۔