کراچی (اسپورٹس ڈیسک): کراچی میں گزشتہ روز پولیس آفس پر حملے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے فیصلہ کیا ہے کہ شہر میں پاکستان سپر لیگ کے آٹھویں ایڈیشن کے تمام میچز معمول کے مطابق ہوں۔ایک ملکی انگریزی اخبار کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کو پہلے ہی سربراہان مملکت کے لیول کی سکیورٹی فراہم کی جارہی ہے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ کراچی میں پولیس آفس پر حملہ کے واقعے کا براہ راست پاکستان سپر لیگ سے کوئی تعلق نہیں اس لیے پاکستان سپر لیگ کے میچز معمول کے مطابق جاری رہیں گے۔
گزشتہ روز پی ایس ایل کی ٹیمیں لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں میں پریکٹس سیشن منعقد ہوئے۔
پی سی بی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم جمعہ کو کراچی سے ملتان کے لیے روانہ ہوا تھی جبکہ پشاور زلمی کی ٹیم کو رات گئے میٹروپولیس پہنچنا تھا۔
یاد رہے کہ کراچی اسٹیڈی میں پی ایس ایل 8 کے اب تک 3 میچز ہوچکے ہیں، شیڈول کے مطابق آج شام 7 بجے نیشنل بینک کرکٹ ایرینا میں کراچی کنگز کا مقابلہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے ہوگا، پشاور زلمی کا سکواڈ بھی شیڈول کے مطابق آج صبح سویرے کراچی پہنچے گا۔
کراچی میں آج (18فروری) ، 19 فروری اور 20 فروری کو مسلسل پی ایس ایل کے میچز ہوں گے جبکہ کراچی میں آخری میچ 26 فروری کو ہوگا۔
واضح رہے کہ جس وقت کراچی پولیس آفس پر حملہ ہوا اس وقت کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور لاہور قلندرز کی ٹیمیں کراچی اسٹیڈیم میں پریکٹس کر رہے تھے، سیکیورٹی کلیئرنس تک دونوں ٹیمیں اسٹیڈیم کے اندر ہی موجود رہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز کراچی پولیس چیف کے دفتر پر دہشت گردوں نے حملہ کیا تھا، قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں اور دہشت گردوں کے درمیان تقریباً ساڑھے 3 گھنٹے سے زائد مقابلے کے بعد عمارت کو دہشت گردوں سے کلیئر کرا لیا گیا تھا۔
مذکورہ حملے میں 3 دہشت گرد مارے گئے، پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ حملے کے دوران ایک ہیڈ کانسٹیبل اور ایک شہری شہید ہوا اور 15 افراد زخمی ہوئے تھے، جن میں پولیس اور رینجرز اہلکار بھی شامل تھے۔
پولیس ترجمان نے بیان میں کہا تھا کہ کارروائی کے دوران ایک دہشت گرد نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا جبکہ دیگر دو پولیس کی فائرنگ سے ہلاک ہوئے تھے۔