کراچی (ویب ڈیسک): کراچی کے علاقے کھارادر جوڑیا بازار میں کسٹمز، رینجرز اور پولیس نے چھاپہ مار کر دکانوں سے غیر قانونی اور اسمگل شدہ اشیاء برآمد کرلیں۔پولیس کے مطابق جوڑیا بازار میں کسٹمز نے رینجرز اور پولیس کے ہمراہ مختلف دکانوں کی تلاشی کے دوران بڑی مقدار میں اسمگل شدہ اشیاء برآمد کرکے ٹرکوں کے ذریعے کسٹمز ہاؤس منتقل کردیں۔
کسٹمز کی کارروائی کے دوران دکاندار بھی پہنچ گئے اور دکانداروں نے دعویٰ کیا کہ ان کا پورا مال قانونی ہے۔
دکانداروں نے الزام لگایا کہ کسٹمز چھاپوں کے دوران دکانوں میں موجود قانونی مال بھی لے جاتی ہے اور دکان میں موجود نقد رقم بھی غائب کردیتی ہے۔
علاقے میں کچھ گھنٹے تک جاری کارروائی کے اختتام پر کسٹمز غیر قانونی مال تحویل میں لے کر روانہ ہوگئی۔