کراچی (ویب ڈیسک): کراچی کی سڑکوں پر اسلحہ کے زور پر دندناتے لٹیروں نے ایک اور گھر کا چراغ بجھا دیا اور بھینس کالونی میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر فائرنگ سے 18 سالہ نوجوان جاں بحق ہوگیا۔مقتول اپنے دوست کے ساتھ گلی میں بیٹھا ہواتھا کہ مسلح 2 ملزمان آئے بسم اللہ سے لوٹ مار کی کوشش کی تو مقتول نے اپنا موبائل فون پھینک دیا جس پر ملزمان نے اسے گولی مار دی اور اس کا موبائل فون بھی لے گئے۔
مقتول کے ساتھ موجود دوست کے پاس آئی فون تھا لیکن ملزمان اسے لوٹے بغیر فرار ہوگئے۔
جناح اسپتال میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے مقتول بسم اللہ کے والد طالب حسین نے بتایا کہ بیٹا گلی میں بیٹھا موبائل فون پر گیم کھیل رہا تھا ، 2 ڈاکو آئے، بیٹے سے موبائل فون چھینا اور گولی مار دی۔
دوسری جانب پولیس نے دعویٰ کیا کہ واقعہ ڈکیتی میں مزاحمت کا نہیں لگتا ، تحقیقات جاری ہیں۔ کراچی میں رواں سال اسٹریٹ کرمنلز کے ہاتھوں جان سے جانے والے شہریوں کی تعداد 74 ہوگئی۔