لاہور (اسپورٹس ڈیسک): بابر کو شکست شاہین کی اونچی پرواز، لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر ایچ بی ایل پی ایس ایل (پاکستان سپر لیگ) 8 کے فائنل میں جگہ بنالی۔پی ایس ایل 8 کے دوسرے ایلیمنیٹر میں پشاور زلمی نے محمد حارث کی شاندار نصف سنچری کی بدولت دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز کو جیت کے لیے 172 رنز کا ہدف دیا جو لاہور قلندرز نے 18.5 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
Congratulations 🎉 Lahore Qalandars On Going To HBL PSL8️⃣ Final 👏👌❤️ pic.twitter.com/z1ffW8y65I
— Fahad (@fahadtweets011) March 17, 2023
اس میچ کی فاتح ٹیم فائنل میں ملتان سلطانز سے ہفتے کو مقابلہ کرے گی جبکہ پشاور باہر ہوگیا ہے۔
قبل ازیں قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پشاور زلمی نے لاہور قلندرز کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹگ کا فیصلہ کیا ۔پشاور زلمی کی جانب سے اننگز کا آغاز صائم ایوب اور بابر اعظم نے کیا لیکن صائم ایوب 15 کے مجموعے پر 9 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے، پہلی وکٹ جلد گرنے کے بعد بابر اعظم اور محمد حارث نے اپنی ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا اور بابر اعظم 42 رنز بنا کر راشد خان کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔
محمد حارث نے شاندار بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور اپنی نصف سنچری مکمل کی، وہ 2 چھکوں اور 11 چوکوں کی مدد سے 85 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
پشاور زلمی نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 171 رنز بنائے جبکہ لاہور قلندرز کی جانب سے زمان خان اور راشد خان نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ شاہین ایک بار پھر مہنگے بولر ثابت ہوئے اور انہوں نے 4 اوورز میں 41 رنز دیکر صرف ایک وکٹ حاصل کی۔
جواب میں لاہور قلندرز نے ہدف 18.5 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ لاہور کی جانب سے اوپنر مرزا بیگ 54 رنز بناکر نمایاں رہے۔ آخری میں سکندر رضا اور کپتان شاہین آفریدی نے ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔
سکندر رضا 14 گیندوں پر 23 اور شاہین آفریدی 4 گیندوں پر 12 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ پشاور کی جانب سے عظمت اللہ عمر زئی نے 2، وہاب ریاض، عامر جمال اور سلمان ارشاد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
پی ایس ایل 8 کا فائنل ہفتے کو ملتان سلطانز اور لاہور قلندرز کے درمیان قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔