کراچی (ویب ڈیس): کراچی غربی کے علاقے منگھوپیر میں واٹر بورڈ کی سرکاری سپلائی لائنوں سے پانی چوری کرنے والے ہائیڈرنٹ مافیا کے خلاف ایک اور بڑا آپریشن کیا گیا ہے۔اس دوران نصف درجن سے زائد بڑے واٹر ہائیڈرنٹس مسمار کردیے گئے ہیں۔ اینٹی واٹر تھیفٹ سیل کے افسر محمد عامر کی ٹیم نے پولیس اور دیگر اداروں کے ہمراہ کئی گھنٹے تک کارروائی کی۔
عامر خان کے مطابق پیر آباد تھانے کی حدود میں منگھوپیر روڈ پر پاک ماربل والی گلی میں ایمل خان کے غیر قانونی کنکشن کاٹ کر ہائیڈرنٹ کو مسمار کیا گیا۔ اسی مقام پر برف خانے کی آڑ میں پرویز ولی کے واٹر ہائیڈرنٹ کا بھی خاتمہ کیا گیا۔
پیرآباد حدود کوائری کالونی مین منگھوپیر روڈ جامع مسجد ابراہیم کے قریب امداد علی عرف سلطان کیچڑ والا کے ہائیڈرنٹ کو بھی مسمار کردیا گیا۔
اسی علاقے میں آصف اور عزیز نامی افراد کے ہائیڈرنٹس بھی توڑ دیے گئے۔ عامر خان کے مطابق اسی مقام پر نانو ہائیڈرنٹ پر بھی کارروائی کی گئی۔ کارروائی کے دوران واٹر بورڈ کی ٹیم نے پائپس، مشینری پمپ اور دیگر سامان بھی ضبط کیا۔