کراچی – اسلام آباد (ویب ڈیسک): وفاقی وزارت داخلہ نے محرم الحرام کے دوران ملک بھر میں فوج تعینات کرنےکا فیصلہ کیا ہے۔سندھ بھر میں 9 اور 10محرم کو امن و امان کے پیش نظر موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کر دی گئی۔محکمہ داخلہ سندھ نے صوبے میں ڈبل سواری پرپابندی سے متعلق نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق صوبے میں 9 اور 10محرم کو موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پرپابندی ہوگی، ڈبل سواری پرپابندی کے حکم سے خواتین، بچوں، معذور افراد اور بزرگوں کو استثنیٰ ہوگا۔
صوبے میں اسلحہ ساتھ لےکر چلنے کے تمام اجازت نامے بھی معطل کردیےگئے۔
صوبائی محکمہ داخلہ کے مطابق صوبے میں محرم سے متعلق اجتماعات کے علاوہ ہر قسم کے جلسے جلوسوں پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔
وزارت داخلہ نے چاروں صوبوں سمیت گلگت بلتستان اور آزادکشمیر حکومت کو مراسلہ بھیج دیا ہے۔
وزارت داخلہ نے آرٹیکل 245 کے تحت ملک بھر میں فوج تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے، یہ فیصلہ چاروں صوبوں کی درخواست پر کیا گیا ہے۔
محرم الحرام کے دوران تمام جلوسوں اور اجتماعات کی سکیورٹی پاک فوج کے ذمہ بھی ہوگی، پولیس کے ساتھ پاک فوج اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے سکیورٹی کے فرائض سرانجام دیں گے۔
ملک بھر میں فوج تعینات کرنےکا فیصلہ ملک کی موجودہ سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر کیا گیا ہے۔