کراچی (ویب ڈیسک): کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن کی مدینہ کالونی میں ساتویں جماعت کی طالبہ نے اسکول کی عمارت سے کود کر خودکشی کی کوشش کی جسے ناکام بنا دیا گیا۔پولیس کے مطابق واقعہ بلدیہ ٹاؤن کے علاقے مدینہ کالونی میں کریسنٹ پبلک اسکول میں پیش آیا، ساتویں جماعت کی طالبہ لائبہ فاروق نے اسکول کی عمارت سے کودنے کی کوشش کی جسے علاقہ مکینوں نے بچا لیا۔ خودکشی کی کوشش کرنے والی بچی کریسنٹ اسکول میں ہی پڑھتی ہے۔
پولیس کے مطابق 13 سالہ بچی نے مبینہ طور پر گھر پر بھی خود کشی کی کوشش کی تھی، پیر کو وہ اسکول آئی اور شام کو اسکول میں بچی کی جانب سے دوبارہ خودکشی کی کوشش کی گئی۔
علاقہ مکینوں نے واقعے کی ویڈیو بنائی جس میں بچی کو اسکول کی آخری منزل پر دیکھا جا سکتا ہے۔
علاقہ مکینوں کی جانب سے عقل مندی کا مظاہرہ کیا گیا اور اسکول کی چھت پر پہلے بچی کا ہاتھ پکڑا اور پھر اسے اوپر کی جانب کھینچ لیا۔
علاقہ مکینوں کے مطابق نامعلوم وجوہات کی بنا پر بچی نے انتہائی قدم اٹھایا، پولیس کی جانب سے مزید وجوہات جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے۔