میرپور ماتھیلو (ویب ڈیسک): میرپور ماتھیلو میں حملے میں جاں بحق صحافی نصراللہ گڈانی کے قتل کا مقدمہ اب تک درج نہ ہو سکا۔سندھ کمیشن فار پروٹیکشن آف جرنلسٹس اینڈ اَدر میڈیا پریکٹیشنرز نے نصر اللہ گڈانی کے قتل کے معاملے کی تحقیقات کے لیے بنائی گئی جے آئی ٹی کو مسترد کرتے ہوئے آئی جی سندھ غلام نبی میمن سے نئی اسپیشل انویسٹی گیشن ٹیم بنانے کا مطالبہ کردیا۔
صحافی نصر اللہ گڈانی کے قتل کے خلاف لاڑکانہ، جیکب آباد، گھوٹکی، سجاول، میہڑ اور عمر کوٹ میں احتجاج ہوا اور صحافیوں نے تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔
ادھر وزیر زراعت و کھیل سندھ سردار محمد بخش مہر نے شہید صحافی نصرﷲ کے گھر آ کر ورثاء سے تعزیت کی اور واقعے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا جو ورثا کا مطالبہ ہے میرا بھی وہی مطالبہ ہے کہ شہید نصر اللہ کے اصل قاتل گرفتار ہوں اور انہیں سزا دیکر مثال قائم کی جائے، نصراﷲ گڈانی سچ لکھنے والے نڈر صحافی تھے۔
اس کے ساتھ ہی سردار محمد بخش خان مہر نے صحافی نصر اللہ گڈانی کے بچوں کو انٹر تک اپنے ذاتی خرچ سے تعلیمی اخراجات ادا کرنے کا اعلان کردیا۔