نیویارک (ٹیک ڈیسک): دوربین بنانے والی ایک کمپنی نے جدید تقاضوں کے تحت ایک اہم ایجاد پیش کی ہے جو کسی بھی اسمارٹ فون کو چند سیکنڈوں میں ایک طاقتور دوربین میں بدل سکتی ہے۔دوربین ساز کمپنی وایونس نے حال ہی میں دنیا کی پہلی اسمارٹ فون دوربین ’ہیسٹیا‘ کا اعلان کیا ہے۔ اس کی بدولت آپ رات کے وقت چاند، ستاروں اور روشن کہکشاؤں کی شاندار تصاویر لے سکتے ہیں جو بہت ہی واضح عکس فراہم کرتی ہے۔ فی الحال کک اسٹارٹر ویب سائٹ پر یہ فنڈنگ سے گزررہی ہے۔ ہیسٹیا کی تعارفی قیمت 149ڈالر رکھی گئی ہے۔ تاہم سال کے آخرتک اس کی فراہمی شروع ہوجائے گی۔
اسے استعمال کرنا بہت ہی آسان ہے۔ بیس ٹرائی پوڈ پر ہیسٹیا کو رکھیں، اور اس پر اسمارٹ فون کو کیمرے کو اس کے آئی پیس پر رکھ دیجئے۔ اس پر ہرقسم کے کے اسمارٹ فون کو رکھا جاسکتا ہے۔ پھر فون اسکرین سے نہ صرف خلائی اجسام کی ویڈیو اور تصاویر بنائی جاسکتی ہیں بلکہ ایپ ان کی نشاندہی بھی کرتی ہے اور جملہ معلومات بھی فراہم کرتی ہے۔
اس کے انٹریکٹو نقشے کی بدولت اینڈورمیڈا کہکشاں سے لے کر اورائن نیبولہ کا دلفریب نظارہ کیا جاسکتا ہے۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ اتنی کم قیمت میں یہ ایک شاندار جدت بھرا تحفہ ہے جس میں ایک پوری دوربین کو سمودیا گیا ہے۔
ہیسٹیا کا لینس اور منشور (پرزم) براہِ راست روشنی جمع کرکے مںظر کو صاف وشفاف کرکے دکھاتا ہے۔ اس کی ایپ ہرمقام کے لحاظ سے دکھائی دینے والے خلائی اجسام اور کہکشاں کی نشاندہی کرتی ہے۔