اسلام آباد (ویب ڈیسک): ایرانی فورسز کی جانب سے آبنائے ہرمز سے قبضے میں لیےگئے اسرائیلی کمپنی کے جہازپر 2 پاکستانیوں کی موجودگی کا معاملہ پاکستان نے ایرانی حکومت کے سامنے اٹھا دیا۔ذرائع کے مطابق دفتر خارجہ نے معاملہ ایرانی حکومت کے سامنے اٹھایا ہے۔ اسلام آباد میں ایرانی سفارت خانے کو دونوں پاکستانیوں کی تفصیلات موصول ہوگئی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ اسلام آباد میں ایرانی سفارت خانے نے معلومات تہران تک پہنچا دی ہیں۔
ذرائع کے مطابق دونوں پاکستانیوں کی جلد رہائی کا امکان ہے۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق پرتگالی جہاز ’ایم ایس سی ایریز‘ اسرائیلی ارب پتی ایال اوفر کی کمپنی کا ہے۔
بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ جہاز پر 17 بھارتی، 2 پاکستانی، 4 فلپائنی، ایک روسی اور استونیا کا ایک باشندہ سوار ہے۔
ایرانی سرکاری میڈیا کا کہنا ہے ایرانی بحریہ کے خصوصی دستوں نے ہیلی کاپٹر کا استعمال کرتے ہوئے جہاز کو قبضے میں لیا، قبضے میں لیےگئے جہاز کو ایرانی سمندری حدود میں منتقل کردیا گیا۔ ایرانی بحریہ نے جہاز پر اس وقت قبضہ کیا جب وہ متحدہ عرب امارات سے 80 کلومیٹر دور آبنائے ہرمز میں سفر کر رہا تھا۔