اسلام آباد (اسپورٹس ڈیسک): جناح پولو فیلڈز کے زیراہتمام دوسرے پریذیڈنٹ آف پاکستان پولو کپ 2023ء اسپانسرڈ بائی تکمیل اسکوائر کا فائنل ایف جی پولو نے جیت لیا۔فائنل میں انتہائی دلچسپ مقابلے کے بعد ایف جی پولو ٹیم نے بی این پولو کو 9.5-9 گول سے ہرا کر دوسرا پریذیڈنٹ آف پاکستان پولو کپ جیت لیا۔
فائنل میچ دیکھنے کیلئے تماشائیوں کی ایک بڑی تعداد گراؤنڈ میں موجود تھی۔ اس موقع پر مہمان خصوصی صدر پاکستان ڈاکٹرعارف علوی تھے۔
جناح پولو فیلڈ کے پیٹرن، صدر، سیکرٹری جناح پولو فیلڈ میجر علی تیمور (ر)، سپانسرز تکمیل سکوائر کے سی ای و ڈاکٹر کامران فضل، اور دیگر مکتبہ ہائے کے لوگوں کی بڑی تعداد میچ دیکھنے کیلئے موجود تھی۔
پانچ چکر کا فائنل میچ انتہائی دلچسپ رہا۔ ایف جی پولو ٹیم اور بی این پولو ٹیموں کے درمیان زبردست مقابلہ دیکھنے کو ملا۔
ایف جی پولو کی طرف سے راول لیپ لا سیٹ نے شاندار کھیل پیش کیا اور 6 خوبصورت گول سکور کیے جبکہ دیگر میں رومیرو زلیولیٹا، ثاقب خان خاکوانی اور میاں عباس مختار نے ایک ایک گول سکور کیا۔ دوسری طرف سے حمزہ مواز خان نے چار، ٹی ٹو رئیوز نے تین اور بابر نسیم نے دو گول سکور کیے۔
قبل ازیں سب سڈری فائنل میں ماسٹر پینٹس کی ٹیم نے ری ماؤنٹس کو 9.5-7 گول سے ہرا کر سب سڈری فائنل جیت لیا۔
اختتامی تقریب میں صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے انعامات تقسیم کیے۔ اس موقع پر میچ کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز راول لیپ لا سیٹ کو دیا گیا۔ میچ کی بہترین گھوڑی کا ایوارڈ میاں عباس مختار کی گھوڑی فیونا کو دیا گیا۔ اس موقع پر آرمی بینڈ ڈسپلے بھی کیا گیا۔ رینجر اور ایچی سن کالج کی بوائز اور گرلز ٹیم نے نیزا بازی کا شاندار مظاہرہ بھی کیا۔