کراچی (ویب ڈیسک): اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین (یو این ایچ سی آر) نے پاکستان میں مقیم افغان باشندوں کی حفاظت پر زور دیا ہے۔اقوام متحدہ کی ایجنسی برائے مہاجرین نے مشکل میں پھنسے افراد سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام ممالک افغان باشندوں کی بزور طاقت واپسی کا عمل روکیں۔
یو این ایچ سی آر کا کہنا ہے کہ مشکلات، چینلجز کے باوجود پاکستان افغان شہریوں کی وطن واپسی کا عمل محفوظ طریقے سے یقینی بنائے۔
یو این ایجنسی نے یہ بھی کہا کہ افغانستان میں انسانی حقوق کے مسائل اور خواتین تکالیف سے دوچار ہیں جس کے باعث افغان مہاجرین کی وطن واپسی سے انہیں حفاظت کے سنگین مسائل کا سامنا ہو سکتا ہے۔
اس کے علاوہ ہی یو این ایچ سی آر نے افغان مہاجرین کو چار دہائیوں سے رہائش دینے پر پاکستان کا شکریہ بھی ادا کیا اور کہا کہ یو این ایچ سی آر اور آئی او ایم کی پاکستان حکومت کے ساتھ طویل شراکت داری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم افغان مہاجرین کی شناخت، رجسٹریشن کے عمل میں پاکستان سے تعاون کو تیار ہیں، ان افراد کے ساتھ تعاون کیلئے تیار ہیں جنہیں بین الاقوامی مدد کی ضرورت ہے۔
یواین ایچ سی آر کے مطابق جن افغانوں نے ملک میں تحفظ مانگا ہے انہیں زبردستی واپس بھیجا گیا تو ان کیلئے خطرہ ہو سکتا ہے۔