کراچی (شوبز ڈیسک): مارننگ شو میزبان ندا یاسر نے سوشل میڈیا صارفین سے شکوہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ شوہر کے ساتھ تصویر لگانے پر حسد کے مارے لوگ مرجاتے ہیں۔اداکارہ ندا ممتاز، شرمین علی اور رباب مقصود بطور مہمان نجی ٹی وی کے مارننگ شو میں شریک ہوئیں جس دوران میزبان ندا یاسر نے مہمان اداکاراؤں سے مختلف موضوعات پر گفتگو کی اور وہیں لوگوں کے رویوں پر بھی بات کی۔اس گفتگو کا ایک کلپ سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہورہا ہےجس میں ندا یاسر کو سوشل میڈیا صارفین کے منفی رویوں پر شکوہ کرتے دیکھا جاسکتا ہے جس کی تائید مہمان اداکاراؤں نے بھی کی۔
وائرل کلپ میں ندا یاسر نے کہا کہ ’اگر آج آپ خوشی میں شوہر کے ساتھ کوئی تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کردیں تو حسد سے لوگ مرجاتے ہیں ایسا کیوں؟ یعنی تصویر کیوں لگائی لیکن اگر آج لوگوں کے یہ پتا چل جائے کہ کسی شوہر اور بیوی کے درمیان میں کوئی مسئلہ ہے تو ان کے دلوں میں لڈو پھوٹ جاتے ہیں‘۔
انہوں نے کہا کہ ’ آج آپ کوئی گھر خریدیں، گاڑی لیں یا کوئی بھی چیز لوگوں سے سوشل میڈیا پر شیئر کرلیں یہ چیزیں لوگوں سے بالکل برداشت نہیں ہوں گی لیکن اگر کسی کی بربادی ہوجائے تو یہی لوگ سب سے پہلے ٹانگ کھینچنے آجاتے ہیں ‘۔
میزبان کے بیان کی تائید سینئر اداکارہ ندا ممتاز سمیت دیگر ادکاراؤں نے بھی اور کہا کہ ’درحقیقت آج کل لوگ دوسروں کو خوش نہیں دیکھ سکتے، چاہتے ہیں کہ ہر کوئی اُن کی طرح پریشان رہے، آج کے لوگوں میں انا بہت ہے اور اسی انا میں ایسے لوگ ذلیل ہوجاتے ہیں‘۔
اس پر ندا نے یاسر نے جواباً کہاکہ ’ایسے لوگ ذلیل نہیں ہوتے بلکہ دوسروں کو ذلیل کرتے ہیں‘۔
ندا نے مزید شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ ’اگر کوئی شخص اپنی زندگی سے پریشان ہے تو کیا دوسروں کو بھی پریشان کرنے کی خواہش کرے گا ؟ ہم نے تو ہمیشہ اپنے بزرگوں کو دعائیں دیتے ہوئے دیکھا ہے‘۔
واضح رہے کہ ندایاسر کو سوشل میڈیا صارفین کے ہاتھوں اکثرو وبیشتر ٹرول کیا جاتا رہا ہے۔