کراچی (ویب ڈیسک): سندھ حکومت نے بحریہ ٹاؤن سے ملیرہالٹ تک پیپلزالیکٹرک بس سروس کے نئے روٹ کا افتتاح کردیا۔بحریہ ٹاؤن کراچی میں پیپلز بس سروس کے نئے روٹ کے افتتاح کی تقریب کا انعقاد کیاگیا،سیکریٹری ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ عبدالحلیم شیخ نے روٹ کا افتتاح فیتہ کاٹ کرکیا۔
پیپلز الیکٹرک بس اب بحریہ ٹاؤن سے ملیر ہالٹ کے روٹ پر بھی دستیاب ہوگی، روٹ 2 بحریہ ٹاؤن سے براستہ ٹول پلازہ، بقائی یونیورسٹی، جناح ایونیو، ملیرکینٹ لنک روڈ، چیک پوسٹ نمبر 5،6 ٹینک چوک، ملیر ماڈل کالونی سے ملیر ہالٹ پر اختتام پذیر ہوگا،اس سے قبل بس سروس کا روٹ نمبر1رواں دواں رہا۔
عبدالحلیم شیخ کے مطابق ابتدائی طورپربحریہ اورملیرہالٹ کے درمیان 13بسیں چلائی جارہی ہیں،جو صبح ساڑھے چھ سے رات 9بجے تک متواترچلتی رہے گی،بس میں 92مسافروں کے سفر کی گنجائش ہے جبکہ کرایہ 100روپے رکھا گیا ہے،الیکٹرک بسوں کی چارجنگ کے لیے بحریہ ٹاون میں بس ٹرمینل بھی قائم کیا گیا ہے،
سیکریٹری ٹرانسپورٹ کا میڈیا سے بات چیت میں کہناتھا کہ جون سے قبل کراچی کے روٹس پر مزید 50 بسوں کا اضافہ کردیا جائیگا،جس کے بعد بسوں کی تعداد 350ہوجائیگی،وفاق سے 300بسیں فراہم کرنے کا کہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کے لیے 10ہزاربسوں کی ضرورت ہے،جو پرانی بسیں چل رہی ہیں ان کو بند نہیں کیا جارہا،روٹس کو بہتربنانے کے لیے وزیراعلیٰ نے خصوصی گرانٹ منظورکی ہے۔