کراچی (ویب ڈیسک): تحریک انصاف سے منحرف ہونے والے سابق رہنماؤں نے نئی سیاسی جماعت بنانے کی تیاری کرلی اور اس حوالے سے رابطے بھی شروع کردیے۔ اطلاعات کے مطابق وسطی اور جنوبی پنجاب کے اہم سیاستدانوں کی نئی پارٹی میں شمولیت کا امکان ہے۔ جہانگیرترین، علیم خان اور چوہدری سرور گروپ کے لوگوں سے رابطے کیے جارہے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نئی جماعت نئے انتخابی نشان سے الیکشن لڑے گی، نئی جماعت کے پیپلز پارٹی اور ن لیگ سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے امکانات ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے منحرف ارکان پر مبنی نئی پارٹی پنجاب اسمبلی کی 40 سے 45 سیٹیں حاصل کرنے کی کوشش کرے گی۔
تحریک انصاف کے منحرف ارکان پر مشتمل نئی جماعت لانچ کرنے کی تیاری شروع کردی گئی ہے، پی ٹی آئی کے سابق رہنماؤں کی قیادت میں نئی پارٹی کے قیام پرمشاورت جاری ہے اور نئی جماعت کی تشکیل کیلئے رابطوں اور ملاقاتوں کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے منحرف ارکان سمیت دوسری سیاسی پارٹیوں کے ارکان کو بھی ساتھ ملایا جائے گا، جہانگیرترین کے علاوہ علیم خاں اور چوہدری سرورگروپ کے لوگوں سے رابطہ کیا جائے گا۔
نئی جماعت کی قیادت پی ٹی آئی پنجاب کی سابق اہم شخصیت کرےگی، نئی جماعت عام انتخابات میں اپنےعلیحدہ انتخابی نشان کےساتھ میدان میں اترےگی، نئی جماعت پنجاب میں پی ٹی آئی کےمضبوط حلقوں میں اپنے امیدوار کھڑے کرے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نئی جماعت قومی اسمبلی کی کم ازکم 15 سے20 نشستوں پر جیتنے کی کوشش کرےگی۔