کراچی (ویب ڈیسک): برطانوی شہزادہ ہیری کے 25 افغانوں کو مارنے کے بیان پر انس حقانی کا ردعمل سامنے آگیا ہے۔ برطانوی شہزادے ہیری نے اپنی آنے والی سوانح عمری میں انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے افغانستان میں تعیناتی کے دوران 6 فضائی مشن کیے اور 25 افغان شہریوں کو ہلاک کیا۔
شہزادہ ہیری نے اپنی کتاب میں لکھا ہے کہ انہوں نے افغانستان میں بطور اپاچی ہیلی کاپٹر پائلٹ ڈیوٹی کے دوران 25 افراد کو ہلاک کیا۔
انہوں نے لکھا کہ ’افغانستان میں تعیناتی کے دوران میرا نمبر 25 رہا، یہ نمبر میرے لیے باعث اطمینان تو نہیں لیکن باعث شرمندگی بھی نہیں، جنگی حالت میں مارے جانے والوں کو شطرنج کے مہرے سمجھ کر بساط سے ہٹایا۔‘
خیال رہے کہ ڈیوک آف سسیکس شہزادہ ہیری کی سوانح عمری ’اسپیئر‘ 10 جنوری کوشائع ہو رہی ہے۔
برطانوی شہزادہ ہیری کا بڑے بھائی ولیم پر جسمانی تشدد کا الزام
تاہم اب اس حوالے سے طالبان کے سینیئر رہنما انس حقانی کا ردعمل سامنے آیا ہے۔
اپنے ردعمل میں انس حقانی نے کہا کہ ہیری نے جن لوگوں کو مارا وہ افغان تھے جن کی فیملیز بھی ہیں۔
اپنی ٹوئٹ میں انس حقانی نے مزید کہا کہ ’مسٹر ہیری! جن لوگوں کو آپ نے قتل کیا وہ شطرنج کے مہرے نہیں تھے، وہ انسان تھے۔‘
1/3- Mr. Harry! The ones you killed were not chess pieces, they were humans; they had families who were waiting for their return. Among the killers of Afghans, not many have your decency to reveal their conscience and confess to their war crimes. pic.twitter.com/zjDwoDmCN1
— Anas Haqqani(انس حقاني) (@AnasHaqqani313) January 6, 2023
انس حقانی نے شہزادہ ہیری کو جنگی جرائم کا مرتکب بھی قرار دیا اور کہا کہ ’سچ وہی ہے جو آپ نے کہا کہ ہمارے بے گناہ لوگ آپ کے فوجیوں کیلئے شطرنج کے مہرے جیسے تھے، پھر بھی اس کھیل میں آپ کو ہی شکست ہوئی۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’افغان شہریوں کے قاتلوں میں آپ کی طرح معقولیت موجود نہیں کہ وہ بھی اپنے جنگی جرائم کا اعتراف کریں، میں عالمی فوجداری عدالت سے توقع نہیں کرتا کہ وہ آپ کو طلب کرے گی یا انسانی حقوق کے علمبردار آپ کے بیان کی مذمت کریں گے کیوں کہ وہ آپ کے معاملے میں اندھے اور بہرے ہیں لیکن امید ہے کہ یہ مظالم انسانیت کی تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے۔‘
خیال رہے کہ شہزادہ ہیری نے برطانوی فوج میں 10 برس خدمات انجام دیں اور وہ کیپٹن کے عہدے تک پہنچے۔
وہ اپنی اہلیہ میگھن مرکل کے ساتھ شاہی محل چھوڑ کر امریکا منتقل ہوچکے ہیں اور تب سے اب تک شاہی خاندان پر بے شمار الزامات لگاچکے ہیں۔
نیٹ فلکس سیریز میں ہیری اور میگھن نے شاہی خاندان کے حوالے سے سنسنی خیز انکشافات کیے تھے اور اب ہیری کی سوانح عمری میں بھی نئے انکشافات سامنے آرہے ہیں۔