کراچی (ٹیک ڈیسک): ماہرین فلکیات نے ایک نایاب اور دلچسپ سرگرمی کا اعلان کیا ہے جس میں سیارچہ ’’ PT5 ‘‘ زمین کے گرد عارضی چاند کے طور پر گردش کرے گا۔غیرسرکاری ویدر پلیٹ فارم کے مطابق سیارچہ “2024 PT5″ زمین کے گرد عارضی چاند کے طور پر گردش کرے گا،یہ حیران کن مشاہدہ 29 ستمبر سے 25 نومبر تک جاری رہے گا اور اس دوران یہ سیارچہ زمین کا عارضی ساتھی بن جائے گا۔سیارچہ 2024 PT5 ایک چھوٹا سیارچہ ہے جو نظام شمسی کے خلائی میدان میں گردش کرتا ہے،حال ہی میں اس سیارچے نے ماہرین فلکیات کی توجہ اپنی جانب مبذول کروائی کیونکہ یہ ایک منفرد رفتار اور زاویے سے زمین کے قریب پہنچے گا، اس سیارچے کی خاص بات یہ ہے کہ یہ زمین کے گرد چاند کی طرح گردش کرے گا، لیکن یہ عارضی ہوگا۔
سائنسی طور پر ممکن ہے کہ کسی سیارچے کو عارضی چاند کا درجہ ملے،لیکن یہ واقعات بہت کم پیش آتے ہیں۔ 2024 PT5 کا مدار ایسا ہے کہ یہ ایک مخصوص مدت کے لیے زمین کے گرد گھومے گا، بالکل جیسے قدرتی چاند کرتا ہے، لیکن یہ عارضی چاند ہوگا۔
سیارچے 2024 PT5 کی گردش زمین کے مدار کے گرد ہوگی اور یہ ہماری زمین کے قریب قریب ہوگا، لیکن اس سے کسی قسم کا خطرہ لاحق نہیں ہوگا،اس کی روشنی اورچمک زمین پر سے دیکھنے کے قابل ہوگی،تاہم عام آنکھ سے اسے دیکھنا مشکل ہوگا۔
ماہرین کہتے ہیں کہ دوربین کے ذریعے اس نایاب واقعے کو دیکھا جا سکے گا، سیارچے 2024 PT5 کا یہ نایاب سفر بہت سے شوقین فلکیات کے لیے ایک دلچسپ موقع ہے،چونکہ یہ سیارچہ زمین کے قریب آئے گا، اس لیے اس کی روشنی اور مدار کو دوربین سے دیکھا جا سکے گا۔
یہ واقعہ خاص طور پر ماہرین فلکیات اور آسمان کے شوقین افراد کے لیے نہایت اہمیت کا حامل ہوگا،یہ فلکیاتی نظارہ نظام شمسی کے پیچیدہ اور حیرت انگیز حقائق سے روشناس کرواتا ہے، سیارچے زمین کے مدار میں داخل ہو کر ایک عارضی چاند بن سکتے ہیں، لیکن یہ واقعات شاذ و نادر ہی ہوتے ہیں۔ 2024 PT5 کا عارضی چاند بننا نہ صرف سائنس کے لیے ایک اہم موقع ہے بلکہ عام لوگوں کے لیے بھی ایک دلچسپ منظر ہوگا۔