(ویب ڈیسک):تحریک انصاف نے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کے لیے راجہ اعظم کو نامزد کردیا۔پاکستان تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی نے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کے لیے راجہ اعظم کا نام تجویز کیا۔
ترجمان پی ٹی آئی کا کہنا ہےکہ جی بی کی وزارت اعلیٰ کے لیے راجہ اعظم متفقہ طور پرپی ٹی آئی کے امیدوار نامزد ہوئے ہیں اور چیئرمین پی ٹی آئی نے بھی ان کی نامزدگی کی منظوری دے دی ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کو گلگت بلتستان کونسل میں فیصلہ کن اکثریت حاصل ہے۔
وزیراعلیٰ جی بی جعلی ڈگری پر نااہل
گزشتہ روز گلگت کی عدالت نے تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے وزیراعلیٰ خالد خورشید کو جعلی ڈگری کیس میں نااہل قرار دیا۔
خالد خورشید کے مقابلے میں الیکشن لڑنے والے پیپلز پارٹی کے عبدالحمید اور (ن) لیگ کے رانا فرمان علی نے خالد خورشید کی ڈگری کو الیکشن کمیشن میں چیلنج کیا تھا جس پر چیف الیکشن کمشنر نے وزیراعلیٰ کو نوٹس جاری کردیا تھا۔
وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کی ڈگری لندن کی تھی اور انہیں جی بی بار کونسل نے وکالت کا لائسنس جاری کیا تھا لیکن لندن کی یونیورسٹی کی جانب سے ڈگری کی تصدیق نہیں کی گئی تھی۔
گلگت کی عدالت کے تین رکنی بینچ نے اس کیس میں خالد خورشید کو نااہل قرار دیا۔