اسلام آباد (ویب ڈیسک): وزیراعظم شہباز شریف نے یومِ تقدیس قرآن کے روز قوم سے ملک گیر احتجاج کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہےکہ سانحہ سویڈن پر پوری امتِ مسلمہ مضطرب ہے۔ٹوئٹر پر جاری بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ میرے اہل وطن! بات ہو قرآن کی تو قوم ایک ہے، سانحہ سویڈن پر پوری امتِ مسلمہ مضطرب ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ ایک بد بخت کے ہاتھوں قرآن پاک کی بے حرمتی کے دلخراش واقعے پر اپنے جذبات اور احساسات کا اظہار کرنے کے لیے یوم تقدیس قرآن کے عنوان سے آج ہم سب یک آواز ہو کر ملک گیر احتجاج کریں گے، بعد از نماز جمعہ پاکستانی مسلمانوں کے تمام طبقات ناموسِ قرآن کا پرچم اٹھا کر اپنا پر امن احتجاج ریکارڈ کرائیں گے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ قرآن ہمارے قلب میں ہے اور قرآن ہمارے لیے صرف قرات نہیں بلکہ جینے کا قرینہ ہے۔
سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کیخلاف آج پاکستان بھر میں یوم تقدیس قرآن منایا جارہا ہے جس سلسلے میں آج وزیراعظم کی اپیل پر نماز جمعہ کے بعد احتجاج کیا جائے گا۔
گزشتہ روز پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں سویڈن کے واقعے کے خلاف متفقہ مذمتی قرارداد منظور کی گئی اور واقعےمیں ملوث شخص کےخلاف قانونی کارروائی کامطالبہ کیا گیا۔
خیال رہے کہ 28 جون کو سویڈن کے دارالحکومت اسٹاک ہوم کی مسجد کے باہر عید الاضحیٰ کے روز قرآن پاک کو نذرآتش کرنے اور بے حرمتی کا واقعہ پیش آیا تھا۔
مقامی پولیس کی سخت سکیورٹی میں عراقی شہری نے مسجد کے باہر قرآن پاک کو نذر آتش کیا اور مسلمانوں کی مقدس کتاب کی بے حرمتی کی۔
قرآن پاک کی بے حرمتی پر دنیا بھر میں مسلمان سراپا احتجاج ہیں، مراکش نے اپنا سفیر بھی واپس بلا لیا ہے۔