ٹوکیو (ویب ڈیسک): جاپان ایئرلائن نے ماحول دوست عمل کے طور پر اپنے مسافروں کے لئے ایک کرائے پر کپڑے کو فراہم کرنے کی سروس شروع کی ہے۔‘Any Wear, Anywhere’نامی اس سروس کو پرواز سے قبل ہی استعمال کیا جاسکتا ہے جو تجرباتی طور پر اگست 2024 تک جاری رہے گی۔ اب ویب سائٹ سے سیاح اور تاجرحضرات فلائٹ سے پہلے ہی اپنے سائز اور پسند کے کپڑے بک کراسکتےہیں جو ان کے دیئے گئے پتے پر آپ کے پہنچتے ہی موصول ہوجائیں گے۔
اگرآپ تین شرٹ اور دو پینٹ لینا چاہتے ہیں تو اس کےلیے 4000 جاپانی ین کی رقم ادا کرنا ہوگی جو پاکستانی روپوں میں لگ بھگ 7800 روپے بنتی ہے۔ اس طرح مصروف تاجروں اور بار بار سفر کرنے والوں کی ایک مشکل آسان ہوسکتی ہے۔
وجہ یہ ہے کہ سفری بیگ میں جگہ بنانے کے لیے کپڑوں کو کئی تدابیر سے لپیٹ کر رکھنا پڑتا ہے جس میں بہت وقت صرف ہوتا ہے۔ اس طرح کپڑوں کو تردد ختم ہوجائے گا اور یوں آپ اس کے بوجھ سے آزاد ہوکرآزادانہ سفرکرسکتے ہیں۔ تاہم کمپنی نے کہا ہے کہ یہ ایک ماحول دوست عمل ہے جس سے کاربن کا اخراج بھی کم ہوگا کیونکہ سوٹ کیس میں وزن کی کمی سے خود طیارے کے ایندھن میں بھی بچت ہوگی۔
کپڑوں کی پیشگی بکنگ کے بعد اپنے ادارے، ہوٹل، یا ٹھہرنے کے مقام کا پتا لکھا جاسکتا ہے اور کمپنی آپ کی آمد کے فوری بعد ہی لباس کو وہاں پہنچادے گی۔ ان کپڑوں کو آپ دو ہفتے تک اپنے پاس رکھ سکتے ہیں اور انہیں دھوئے بغیر کمپنی کو واپس کردیں گے۔