کراچی (شوبز ڈیسک): پاکستان شوبز انڈسٹری کے مشہور ہدایتکار ابو علیحہ نے سندھی زبان میں فیچر فلم ’بھوپو‘ بنانے کا اعلان کر دیا۔فلم جاوید اقبال، ان کہی کہانی اور دادل جیسی فلموں کے لئے مشہور ہدایتکار ابو علیحہ کا کہنا ہے کہ 26 سالوں بعد سندھی زبان میں کوئی فلم بننے جارہی ہے آخری بار 1997 میں سندھی زبان میں فلم ریلیز کی گئی تھی۔ہدایتکار نے ٹوئٹر پیغام میں فلم کے حوالے سے بتایا کہ انہیں تھرپارکر کی ریکی کے دوران احساس ہوا کہ اردو یا کسی اور زبان میں یہاں کی کہانی نہیں بتائی جاسکتی۔ اسے مقامی سندھی اور تھری زبان میں ہی بتانا ہوگا۔
تھرپارکر کی ریکی کے دوران احساس ہوا کہ اردو یا کسی اور زبان میں یہاں کی کہانی نہیں بتائی جاسکتی۔ اسے مقامی سندھی اور تھری زبان میں ہی بتانا ہوگا۔سکرپٹ کا سندھی میں ترجمہ کروایا۔ اب "بھوپو" کو سندھی میں بنارہے ہیں۔ 26 برس بعد سندھی فلم بننے جارہی ہے۔بعد میں اردو میں ضرور ڈب کرینگے pic.twitter.com/Gdkr7veaN6
— Abu Aleeha (@abualeeha) July 11, 2023
ابو علیحہ نے بتایا کہ انہوں نے کہانی کا اسکرپٹ سندھی میں ترجمہ کروایا اور اب وہ فلم “بھوپو” کو سندھی میں بنارہے ہیں تاہم وہ بعد میں اس فلم کو اردو میں ضرور ڈب کریں گے۔
اس فیچر فلم میں تھرپارکر کے بھوپا قبیلے کی کہانی کو فلمایا جائے گا جس کیلئے انہوں نے ایک ایکٹنگ کوچ بھی رکھا ہے تاکہ مقامی لوگ جو فلم کی کہانی کا حصہ بن رہے ہیں ان کی اداکاری کی صلاحیتوں کو بڑھایا جا سکے۔
انہوں نے اپنی ایک ٹوئٹ میں بتایا کہ تھرپارکر سے تعلق رکھنے والی گلوکارہ نرملا نے 2 گانے بھی ریکارڈ کروائے ہیں جو فلم کا حصہ ہوں گے۔
نرملا کا تعلق عمر کوٹ، تھر پارکر سے ہے۔ کمال کی سنگر ہیں۔ میری نئی فلم کے لئے تھر پارکر سے کراچی آکر انہوں نے دو گانے ریکارڈ کروائے۔ اس موقع پر میوزک پروڈیوسر علی اللہ دتہ کے ساتھ۔ pic.twitter.com/VzguoQt27E
— Abu Aleeha (@abualeeha) July 10, 2023
ایک انٹرویو کے دوران ابو علیحہ نے بتایا کہ فلم تھرپارکر اور راجستھان کے قدیم بھوپا قبائل پر مبنی ہے جس کی سیکڑوں سال پرانی وراثت ہے۔ یہ قبیلہ کالے جادو کے کیلئے جانا جاتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس فیچر فلم کو بین الاقوامی سطح پر ریلیز کیا جائے گا یہ فلم ایک کلاسٹروفوبک تھرلر ہے جس کی کہانی محبت اور بقا کے گرد گھومتی ہے۔