نئی دہلی (شوبز ڈیسک): بالی وڈ کی سپر اسٹار اداکارہ کرینہ کپور کا کہنا ہے کہ ان کے شوہر سیف علی خان گھر کے باورچی بھی ہیں جو ہر قسم کا کھانا پکانا جانتے ہیں جب کہ انہیں خود کچھ نہیں آتا۔حال ہی میں کرینہ کپور نے نئی دہلی میں ہونے والے ایک ایونٹ میں شرکت کی جس میں انہوں نے اپنی پروفیشنل زندگی سمیت نجی زندگی پر گفتگو کی اور بتایا کہ وہ اپنے گھر پر کیسے رہتی ہیں یا کیسے زندگی بسر کرتی ہیں۔اسی ایونٹ کے دوران کرینہ نے انکشاف کیا کہ ان کے شوہر اداکار سیف علی خان بہترین باورچی ہیں۔
اداکارہ نے کہا ‘ہماری کوشش ہوتی ہے کہ چھٹی والے دن کوئی کام نہ کیا جائے اور اپنا تمام وقت گھر پر گزارا جائے، چھٹی والے دن ہم گھر پر کھانا پکاتے ہیں، مختلف گیمز کھیلتے ہیں’۔
انہوں نے بتایا کہ ‘سیف بہت ہی شاندار کھانا پکاتے ہیں، وہ ہر کھانا پکا سکتے ہیں اور دنیا بھر کے پکوان انہیں بنانا آتے ہیں، ہم ایک ساتھ کھانے کی ترکیب دیکھتے ہیں اور پھر اسے پکانے کی کوشش کرتے ہیں’۔
کرینہ کپور نے کہا ‘ہم زیادہ تر گھر پر کھانا بنانا پسند کرتے ہیں، اگر ہم کسی کی دعوت بھی کریں تو انہیں ہوٹل مدعو کرنے کے بجائے ہم گھر پر بلاتے ہیں، مجھے تو پانی بھی ابالنا نہیں آتا البتہ میرے پاس باورچی کے طور پر شوہر ہیں جو گھر پر کھانا پکالیتے ہیں’۔