ممبئی (شوبز ڈیسک): بالی ووڈ کے سپر اسٹار سلمان خان کی فلم ’کسی کا بھائی کسی کی جان‘ کے ریلیز ہونے کی تاریخ سامنے آگئی۔اداکار نے فلم کی عکس بندی مکمل ہونے کی تصدیق کردی۔
سلمان خان نے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر مختصر سے پیغام میں مداحوں کو فلم کی عکس بندی کی تکمیل اور ریلیز کی تاریخ سے متعلق آگاہ کیا۔سلمان خان نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ فلم کی شوٹنگ مکمل ہوگئی ہے جو اس سال عید پر ریلیز ہوگی۔
سلمان خان نے حال ہی میں اپنی نئی فلم’کسی کا بھائی کسی کی جان‘ کا ٹیزر شیئر کیا تھا جس میں انہوں نے اپنے کردار کا تعارف اس جان دار مکالمے سے کرایا تھا کہ” صحیح کا ہوگا صحیح، غلط کا ہوگا غلط“اور جب اداکارہ پوجا ہیگڈے ان سے نام پوچھتی ہیں تو سلمان خان جواب دیتے ہیں کہ”میرا کوئی نام نہیں ہے، لیکن میں بھائی جان کے نام سے جانا جاتا ہوں “۔
سلمان خان نے فرہاد سمجی کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم میں اپنے کردار کی ایک تصویر شیئر کی ہے، جس میں انہوں نے سفید شرٹ ، سنہری بالیاں اور ہاتھوں میں بریسلٹ پہنا ہوا ہے ۔
واضح رہے کہ سلمان خان نے یش راج فلمز کے بینر تلے بننے والی شاہ رخ خان کی فلم”پٹھان “میں مہمان اداکار کے طور پرایکشن سے بھرپور منظر میں جلوہ گر ہوئے تھے ۔