ممبئی (شوبز ڈیسک): بمبئی ہائی کورٹ میں نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کے افسر سمیر وانکھیڑے کے وکیل نے آریان خان ڈرگ کیس میں این سی بی افسر کو رشوت دینے کے الزام میں شاہ رخ خان کے خلاف مقدمہ چلانے کی درخواست کردی۔بھارتی میڈیا کے مطابق ڈرگ کیس میں جیل سے باہر آنے والے آریان خان اور ان کے والد بالی وڈ اداکار کنگ خان کی مشکلات مزید بڑھنے لگی ہیں۔آریان ڈرگ کیس میں کنگ خان پر نارکوٹکس کنٹرول بیورو کے افسر سمیر وانکھیڑے کو بیٹے کی رہائی کیلئے 25 کروڑ رشوت دینےکا الزام ہے۔
اسی حوالے سے کیس میں مزید پیش رفت آئی ہے اور ممبئی ہائی کورٹ نے این سی بی آفیشل کو اپنی عرضی پر نظر ثانی کرنے کی اجازت دی ہے کیونکہ این سی بی کے وکیل نے ایک اہم تبدیلی کر تے ہوئے اپنی درخواست میں بدعنوانی کی روک تھام کے قانون کے متعلقہ سیکشنز سے متعلق اضافی بنیادیں شامل کی ہیں۔
درخواست میں اہم تبدیلیاں سمیر وانکھیڑے اور شاہ رخ خان کے درمیان لیک ہونے والی مبینہ واٹس ایپ چیٹ کے بعدکی گئی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سمیر وانکھیڑے کے وکیل کی جانب سے عدالت میں بتایا گیا کہ کرپشن کی روک تھام کے ایکٹ کے تحت جو شخص کسی سرکاری ملازم کو ناجائز فائدہ حاصل کرنے کے لیے رشوت دیتا ہے اس کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی، شاہ رخ خان نے چونکہ رشوت دی ہےاس لیے ان کے خلاف بھی کارروائی کی جائے۔