پاکستان کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنی زندگی پر بننے والی فلم ’راولپنڈی ایکسپریس‘ سے خود کو علیحدہ کر رہے ہیں۔ ٹوئٹر اور انسٹاگرام پر جاری پیغام میں شعیب اختر نے کہا کہ ’انتہائی دکھ کے ساتھ، میں آپ سب کو آگاہ کرنا چاہتا ہوں کہ کئی ماہ غور و خوض کے بعد میں نے فلم راولپنڈی ایکسپریس اور اس کے میکرز سے خود کو الگ کر نے کا فیصلہ کیا ہے اور اپنی منیجمنٹ اور قانونی ٹیم کے ذریعے میں نے معاہدہ ختم کردیا ہے۔‘
Important announcement. pic.twitter.com/P7zTnTK1C0
— Shoaib Akhtar (@shoaib100mph) January 21, 2023
شعیب اختر نے مزید لکھا : ’یقیناً یہ ایک ڈریم پروجیکٹ تھا اور میں نے اس میں شامل رہنے کیلئے کافی کوشش کی لیکن بدقسمتی سے چیزیں بہتر نہ ہوسکیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’احسن طریقے سے اختلافات حل کرنے میں ناکامی اور معاہدے کی بار بار خلاف ورزیوں کے باعث بالآخر مجھے ان کے ساتھ تعلقات منقطع کرنے پڑے۔‘
راولپنڈی ایکسپریس کے نام سے مشہور فاسٹ بولر نے کہا کہ ’یہی وجہ ہے کہ میں نے پروجیکٹ چھوڑ دیا، اس معاملے پر میں نے تمام قانونی ضابطے پورے کیے اور اپنی زندگی کی کہانی استعمال کرنے کے حوالے سے دیے گئے حقوق منسوخ کردیے ہیں۔‘
شعیب اختر نے خبردار کیا کہ ’اگر فلم میکرز نے بائیوگرافی فلم پر کام جاری رکھا اور میرا نام یا میری زندگی کی کہانی کسی بھی طرح استعمال کی تو سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
خیال رہے کہ گزشتہ برس جولائی میں شعیب اختر نے تصدیق کی تھی کہ ان کی زندگی پر فلم بنائی جائے گی جس کی شوٹنگ کا آغاز کردیا گیا ہے۔
پاکستان کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر کی زندگی پر بننے والی فلم ‘راولپنڈی ایکسپریس’ میں مرکزی کردار نبھانے والے اداکار کا نام بھی سامنے آیا تھا۔
شعیب اختر کے کردار کیلئے عمیر جسوال کو منتخب کیا گیا تھا جنہوں نے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر فلم کے کردار کی جھلک شیئر کی تھی۔
عمیر نے اپنی پوسٹ میں لکھا ’آپ سب کے ساتھ یہ اعلان کرتے ہوئے بہت پرجوش اور خوش ہوں کہ راولپنڈی ایکسپریس میں، میں شعیب اختر کا کردار نبھاؤں گا، بڑے پردے پر لیجنڈ شعیب اختر کا کردار ادا کرنے پر مجھے فخر ہے۔‘
BISMILLAH
Super excited to announce this with all of you 😊 honored to play the living legend, Mr. Shoaib Akthar on the big screen in RAWALPINDI EXPRESS
With Allah’s blessings may we succeed in our endeavours. Aameen . #rawalpindiexpress #umairjaswal #qfilms @shoaib100mph pic.twitter.com/3YruNBxJPX
— Umair Jaswal (@umairjaswal) November 16, 2022
واضح رہے کہ راولپنڈی ایکسپریس کے نام سے مشہور شعیب اختر نے دسمبر 1997 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا۔