کراچی (ویب ڈیسک): کراچی میں میٹرک کے امتحانات کے دوران بجلی کی لوڈشیڈنگ پر وزیر توانائی سندھ ناصر شاہ نے نوٹس لے لیا۔وزیر توانائی ناصر شاہ نے لوڈشیڈنگ سے طالبات کی بےہوشی اور حالت غیر ہونے کی خبروں پر برہمی کا اظہار کیا۔
ناصر شاہ نے محکمہ توانائی کے متعلقہ افسران کو کے الیکٹرک، حیسکو اور سیپکو سے بات کرنے کی ہدایات کرتے ہوئے کہا کہ تمام امتحانی مراکز کو لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ قرار دیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ امتحانی مراکز میں بلاتعطل بجلی فراہم کی جائے۔
واضح رہے کہ کراچی میں ثانوی تعلیمی بورڈ کے تحت میٹرک کے امتحانات جاری ہیں، شدید گرمی کی وجہ سے امتحانی مراکز پر لوڈشیڈنگ سے ایک طالبہ کی حالت خراب ہوگئی تھی جو بے ہوش ہوگئی تھی۔