کراچی (ویب ڈیسک) : نگران وزیراعلی سندھ جسٹس(ر) مقبول باقر نے کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹرز کے وفد سے ملاقات میں کہا ہے کہ سندھ حکومت آزادی صحافت پر مکمل یقین رکھتی ہے۔صحافی جان محمد مہر کے قاتل کی فوری گرفتاری کے لئے تمام اقدامات بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔اس سلسلے میں کوئی کوتاہی نہیں برتی جائے گی ۔
انہوں نے مزید کہا کہ وقوعہ کے علاقے کے ایس ایس پی کو بھی معطل کر دیا گیا ہے، ہمیں یقین ہے ہم جلد قاتل کو گرفتار کر لیں گے ۔میں خود اس معاملے کو دیکھ رہا ہوں اور میں نے خود بھی دو دن مٹھی جا کر اس سلسلے میں ہدایات دی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صاف اور شفاف الیکشن کے انعقادکے لئے سندھ حکومت نے اپنی تیاریاں مکمل کرلی ہیں اور الیکشن کمیشن کو جو بھی مدد درکار ہو گی فراہم کی جائے گی۔
اخبارات کے واجبات کے حوالے سے نگران وزیراعلیٰ نے سیکریٹری اطلاعات کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ آڈٹ فرم کو فوری فائنل کرکے شفاف آڈٹ کروایا جائے تاکہ اخبارات کے واجبات کی فوری ادائیگیاں کی جائیں ۔
انہوں نے سیکریٹری اطلاعات کو یہ بھی ہدایت کی کہ اشتہارات کی منصفانہ تقسیم کے لئے ایک میکنزم بنائیں تاہم اس دوران اشتہارات کی منصفانہ تقسیم کو جاری رکھا جائے اور میڈیا کو ادائیگیوں اور اشتہارات کی تقسیم کی تفصیلات روزانہ کی بنیاد پر ویب سائٹ پر ڈسپلے کی جائیں تاکہ شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے ۔
نگران وزیر اعلی نے سی پی این ای کے وفد کے مطالبے پر اسی وقت چیئرمین ”ایس آر بی” کو ہدایت دی کے سی پی این ای کے اخبارات کی ادائیگیوں پر فوری عمل کیا جائے۔ نگران وزیر اعلی نے رائٹ ٹو انفارمیشن کے حق کو یقینی بنانے کے حوالے تمام ڈپارٹمنٹس کو ہدایت دی کہ عوام کو مطلوبہ معلومات فراہم کی جائیں۔
نگراں وزیر اعلی نے وفد کو یقین دلایا کہ اخبارات کے عرصہ دراز سے رکے واجبات کی ادائیگیوں کے لئے بھی ہر ممکن کوشش کی جائے گی ۔