کراچی (ویب ڈیسک): کراچی پریس کلب کے سامنے سندھ ترقی پسند پارٹی کی جانب سے ڈیجیٹل مردم شماری کے خلاف احتجاجی کیمپ 16ویں روز بھی جاری رہا۔ کیمپ میں سندھ ترقی پسند پارٹی کے وائس چیئرمین گلزار سومرو، ڈاکٹر سومار منگریو، قادر چنا، نثار کیریو، حیات تنیو، عاشق تھہیم کی قیادت میں سینکڑوں کارکنوں نے شرکت کی۔
اس موقع پر سندھ ترقی پسند پارٹی کے وائس چیئرمین گلزار سومرو نے کہا کہ 4 مارچ سے شروع ہونے والا ہمارا احتجاجی کیمپ پر مبنی تحریک کا پہلہ مرحلہ کل 20 مارچ کو ختم ہوگا اور پریس کلب کے سامنے سندھ ترقی پسند پارٹی کے چیئرمین ڈاکٹر قادر مگسی کی قیادت میں بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔ جس میں ہزاروں کارکنان شرکت کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ جدوجہد کا دوسرا مرحلہ کل سے شروع ہوگا جس کا اعلان سندھ ترقی پسند پارٹی کے چیئرمین ڈاکٹر قادر مگسی کراچی پریس کلب کے سامنے احتجاجی کیمپ میں کریں گے۔
دوسری جانب حیدرآباد سے جاری پریس ریلیز کے مطابق سندھ ترقی پسند پارٹی کے چیئرمین ڈاکٹر قادر مگسی نے کہا کہ پورے سندھ نے اس بوگس اور سازشی مردم شماری پر احتجاج کرتے ہوئے اسے مسترد کردیا ہے، اس لیے حکمرانوں کا فرض ہے کہ وہ اس عمل کو ملتوي کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس متنازعہ مردم شماری میں قوم کا پیسہ ضائع کرنے کی بجائے سیلاب متاثرین کی مدد کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ اگر حکمرانوں نے اس مردم شماری کو ملتوی نہ کیا تو اس مردم شماری کے اعدادوشمار کو تسلیم نہیں کیا جائے گا۔ سندھ ترقی پسند پارٹی کی جانب سے سیاسی جدوجہد جاری رہے گی۔
انہوں نے سندھ کے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ مردم شماری صرف لوگوں کی گنتی کا معاملہ نہیں ہے بلکہ یہ سندھ کی قومی بقا اور خودمختاری کے حق سے جڑا مسئلہ ہے۔ لہٰذا اس سازشی مردم شماری کے خلاف کل (آج) دوپہر کراچی پریس کلب کے سامنے ڈیجیٹل مردم شماری کے خلاف احتجاج میں بھرپور شرکت کریں اور اس سندھ دشمن منصوبے کو مسترد کریں۔