نیو یارک (ٹیک ڈیسک): امریکا کی 40 ریاستوں نے فیس بک اور انسٹا گرام کی مالک کمپنی میٹا پر مقدمہ کر دیا۔امریکی ریاستوں کی جانب سے میٹا پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ ٹیکنالوجی کمپنی نے سوشل میڈیا کے ذریعے نوجوان نسل میں ڈپریشن سمیت کئی ذہنی مسائل کو جنم دیا۔
مقدمے میں کہا گیا کہ میٹا نے مالی مفاد کے لیے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے خطرات پر پردہ ڈالا اور نوجوان صارفین کا استحصال کیا، بزنس ماڈل کے ذریعے نوجوانوں کو زیادہ وقت سوشل میڈیا پر گزارنے کی لت لگائی گئی جس سے ان کی ذہنی صحت کو نقصان پہنچا۔
شکایت میں کہا گیا ہے کہ تحقیق سے ثابت ہوا ہے نوجوانوں کا میٹا کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے استعمال کا تعلق ڈپریشن، بے چینی، بے خوابی، تعلیم اور روزمرہ کی زندگی میں مداخلت اور بہت سے دوسرے منفی نتائج سے ہے۔
یہ شکایت 2021 میں میٹا کی اپنی تحقیق کے بعد کی گئی جس میں کمپنی کو انسٹاگرام سے نوجوانوں خصوصاً لڑکیوں کو ہونے والے نقصانات کا علم تھا۔
ان ریاستوں نے عدالت سے میٹا پر بھاری جرمانہ کرنے اور معاوضہ ادا کرنے کا حکم جاری کرنے کی درخواست کی ہے۔