اسلام کوٹ (ویب ڈیسک): وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ کوئی قانون و آئین سے بالاتر نہیں، دہشت گردوں کو پناہ دینا اور ڈھال بنانا ناقابل برداشت ہے ، اس کی اجازت نہیں دی جائےگی۔تھر میں 1320میگاواٹ بجلی منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کو مشکلات سے نکالیں گے ، ترقی کے دشمنوں کو منہ کی کھانی پڑے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ کوئی قانون و آئین سے بالاتر نہیں، دہشت گردوں کو پناہ دینا اور ڈھال بنانا ناقابل برداشت ہے ، اس کی اجازت نہیں دی جائے گی، آئین پاکستان ہر چیز پر مقدم ہے، اپنی ذات کو پاکستان کے مفاد پر قربان کرنا پڑے توکوئی دریغ نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے پچھلے چار برسوں میں ٹرانسمیشن لائنوں پرکوئی کام نہیں ہوا، چین ہماری مشکلات جانتا ہے وہ پوری طرح تعاون کر رہا ہے ، وقت آگیا ہے کہ سی پیک کو پوری طرح سے آگے بڑھایا جائے۔
انہوں نےکہا کہ دہائیوں کی محنت، پلاننگ اور مربوط حکمت عملی کی بدولت تھر کا صحرا صنعت میں بدل چکا ہے، ریت کے میدانوں سے ہزاروں میگاواٹ بجلی پیدا ہو رہی ہے، یہ منصوبہ پاکستان کی ترقی کا موجب بنےگا اور بن رہا ہے، جو بجلی یہاں بنائی جا رہی ہے اگر امپورٹڈ کوئلے پربنائی جائے تو اربوں ڈالر خرچ ہوں گے۔